غریب عوام جماعت اسلامی سے اتحاد کرلیں تو ملک سے کرپشن جعل سازی اور غربت و جہالت کا خاتمہ کردیں گے ‘سراج الحق ،ایگزیکٹ ڈگری سکینڈل سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے بیرون ملک سے پڑھے ہوئے کئی افراد کی ڈگریاں مشکوک ہوگئی ہیں،غریب عوام ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ،پاکستان کو کلین اور گرین پاکستان بنانے میں عوام ہمارا ساتھ دیں‘کانفرنس سے خطاب

اتوار 24 مئی 2015 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ایک طرف پاکستان میں کرکٹ کی بحالی پر پاکستان کے عوام خوشی کا اظہار کررہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کا تاثر بہتر ہورہا ہے تو دوسری طرف ایگزیکٹ ڈگری سکینڈل پاکستان کی دنیا بھر میں بدنامی کا باعث بن رہاہے ،ایگزیکٹ ڈگری سکینڈل سے عوام کے اندر مایوسی اور بد دلی پھیل رہی ہے اور بیرون ملک سے پڑھے ہوئے بہت سارے افراد کی ڈگریاں مشکوک ہوگئی ہیں ،غریب عوام جماعت اسلامی سے اتحاد کرلیں تو ملک سے کرپشن جعل سازی اور غربت و جہالت کا خاتمہ کردیں گے ،غریب عوام ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ،پاکستان کو کلین اور گرین پاکستان بنانے میں عوام ہمارا ساتھ دیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان فنڈ جمع کرنے کیلئے ہونے والی ڈونر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع گجرات ڈاکٹر محمد سلیم ،نائب امیر ڈاکٹر عبید اللہ گوہر و دیگر بھی موجود تھے ۔ سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ کلمے کی بنیاد پر حاصل کیے گئے ملک کے چیف جسٹس نے آج تک قرآن پاک کو سامنے رکھ کر فیصلہ نہیں کیا۔

جہاں لاکھوں روپے سے عدالتوں کا دروازہ کھلتا ہو ، وہاں غریب کو انصاف کیسے ملے گا ۔ انہوں نے کہاکہ شرعی عدالتی نظام کا قیام ہی عدل و انصاف کے حصول کا ضامن ہے ۔ اگر عوام نے ہم پر اعتماد کرتے ہوئے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و فلاحی مملکت بنائیں گے جہاں کسی غریب کا استحصال نہیں ہوگا اور عام آدمی کو بھی زندگی گزارنے کی وہی سہولتیں ملیں گی جن سے آج اشرافیہ لطف اندوز ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قومی خزانے کے منہ عام آدمی کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کھول دے گی اور پاکستان کو کلین اور گرین پاکستان بنائے گی جو عالم اسلام کی قیادت کرے گا اور ہم دنیا میں اپنے کھوئے ہوئے عزت و وقار کو بھی دوبارہ حاصل کریں گے ۔ ملکی اقتدار پر قابض رہنے والی پارٹیوں نے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے بجائے اپنی بادشاہت کو طول دیا ،حکمرانوں نے ملکی وسائل کی بندر بانٹ اور قومی خزانے کی لوٹ مار سے اپنی کئی کئی نسلیں سنوار لیں جبکہ عام آدمی کی آنے والی نسلوں کو غربت ،جہالت ،بھوک اور ننگ کے حوالے کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنا ووٹ کا رویہ بدلیں اور بار بار ڈسنے والوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کریں ۔انہوں نے کہا کہ دنیا چاندپر پہنچ چکی ہے مگر ہمارے حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل سے نواز ا ہے مگر وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے ملک میں غربت ،مہنگائی ،بے روز گاری اور بدامنی نے ڈیر ے ڈال رکھے ہیں ۔

غریبوں کا مسلسل استحصال ہورہا ہے ،انہیں زندگی گزارنے کی کوئی سہولت دستیاب نہیں اور تمام تر وسائل اور سہولیات پر جاگیرداروں اورسرمایہ داروں نے قبضہ کررکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پھولوں جیسے معصوم بچے محنت مزدوری پر مجبور ہیں ۔پڑھے لکھے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں پکڑے مارے مارے پھر رہے ہیں مگر انہیں نوکری نہیں ملتی جبکہ اشرافیہ کے نااہل اور بدقماش شہزادوں کو اعلیٰ سرکاری عہدوں پر تعینات کرکے میرٹ اور قانون کا مذاق اڑایا جاتا ہے ۔

اس موقع پر شرکاء نے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کروائے ، تقریب کے دوران قریباً 60 لاکھ روپے کے نقد عطیات جمع ہوئے اور ایک پوٹھوہار جیپ بھی اسلامی و خوشحال پاکستان فنڈ میں ملی ۔