الخدمت لاکھوں یتیم بچوں کی کفالت کی خواہش مند ہے،شاہد اقبال

رمضان المبارک میں وسائل جمع کرو مہم کا آغاز کریں ،الخدمت سندھ کی ورکشاپ سے خطاب

اتوار 24 مئی 2015 22:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء) الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے تحت سالانہ ٹریننگ ورکشاپ کا انعقادکیاگیا ،جس میں سندھ بھر کے ضلعی عہدیداران کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ورکشاپ سے مرکزی جنرل سیکرٹری شاہد اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام کے تحت پاکستان کے لاکھوں یتیم بچوں کی کفالت کی خواہش مند ہے جس کی تکمیل کے لیے رمضان المبارک میں بڑے پیمانے پر وسائل جمع کرو مہم چلائیں گے۔

تفصیلا ت کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن سندھ ریجن کے تحت المحمل ہال کراچی میں ایک روزہ سالانہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبہ بھرکے تمام اضلاع سے الخدمت کے عہدیداران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ صبح سے شام تک جاری رہنے والی ورکشاپ میں معروف دانشور و اسکالر سعد زبیری، انجینئر فرقان مجید اور نثار موسیٰ سمیت دیگر نے منصوبہ پر عمل درآمد ، مضبوط قیادت اور فیصلہ سازی پر ماہرانہ لیکچر دیے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب کے مہمان خاص الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری محمد شاہد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم کفالت یتامیٰ پراجیکٹ کے عنوان سے ملک بھر کے لاکھوں یتیم بچوں کی کفالت کی خواہش رکھتے ہیں، پاکستان میں زلزلہ، سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاری کے باعث لاکھوں کی تعداد میں بچے والد، والدہ یا دنوں کی سرپرستی سے محروم ہونے کے باعث انتہائی کٹھن اور بدحال زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

الخدمت ان کی کفالت کے بندو بست کے لیے رمضان المبارک میں بھر پور وسائل جمع کرو مہم کا آغاز کررہی ہے ، اس سلسلے میں ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹر پر ڈونرکانفرنس منعقد کرکے مخیر حضرات کو اس جانب خصوصی توجہ دینے پر آمادہ کریں گے ، ورکشاپ سے الخدمت سندھ کے صدر سید تبسم جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت اپنے والینٹیئرز کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور ان کی پیشہ وارانہ تربیت کے لیے مختلف سطح پرکنونشن اور ورکشاپ کاانعقاد کرتی ہے ، خدمت کے میدان میں تربیت یافتہ افراد ہی اپنے مقاصد کی تکمیل میں بہتر اور بروقت کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ، اس موقع پر الخدمت سندھ کے ڈائریکٹرواٹر پروجیٹ انجینئر عمر فاروق ، میڈیا ڈائریکٹر کنور راشد مکرم ،ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ خیر محمد تنیو ، فیصل رضوان و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ شرکا نے مختلف سوالات کے ذریعے اپنے مسائل سے ریجنل ذمہ داران کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :