Live Updates

تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں پانی و بجلی کے بحران کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ

اتوار 24 مئی 2015 21:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں پانی و بجلی کے بحران کے خلاف اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر ’’پانی دو ،پانی دو‘‘ اور دیگر نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اشرف قریشی ،شیرین خان،حبیب سواتی اور دیگر نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی کے مصنوعی بحران کی ذمہ دار دو جماعتیں ہیں،شہر میں پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی جارہی ہے جس کی وجہ سے شہری بوند بوند پانی کوترس گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب پانی اور دوسری جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی تباہ کردی ہے اورایسا لگ رہا ہے کہ کراچی پتھر کے دور میں دوبارہ چلا گیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں پانی کی شفاف تقسیم کا نظام کیا جائے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہم کراچی واٹر بورڈ کے دفتر کا گھیراؤ کریں گے اور اہم شاہراہوں پر دھرنے اور احتجاج کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات