وفاقی و زیر ہاؤسنگ دستار بندی تقریبات کے نام پر بنوں میں اپنی جماعت کے بلدیاتی امیدواروں کی مہم چلا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کر کے انتخابات پر اثر انداز ہو رہے ہیں

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان کاعوامی اجتماع سے خطاب

اتوار 24 مئی 2015 21:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی و زیر ہاؤسنگ دستار بندی تقریبات کے نام پر بنوں میں اپنی جماعت کے بلدیاتی امیدواروں کی مہم چلا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کر کے انتخابات پر اثر انداز ہو رہے ہیں وہ منڈان پارک بنوں میں ایک بہت بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجتماع سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان ، امیر جماعت اسلامی ضلع بنوں ڈاکٹر ناصر خان، سیکرٹری جنرل اجمل خان، ضلع کونسل کے امیدوار نثار خان، تحصیل کونسل امیدوار ملک نعیم خان اور ملک حیات خان نے بھی خطاب کیا۔ اجتماع میں ملک حیات خان نے اے این پی سے مستعفی ہوکر خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی بنیاد پر ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی مہم میں سیاسی قیادت پر پابندی لگا کر آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔ جماعت اسلامی نے خیبر پختونخوا کے عوام کو بلدیاتی انتخابات کا تحفہ دیا ہے اس کے ذریعے طاقت اور وسائل نچلی سطح پر منتقل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم علماء کا احترام کرتے ہیں اور انہیں دعوت دیتے ہیں کہ ہماری اور قوم کی قیادت کریں ۔

انھوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر چوری کرنے والے بلدیاتی انتخابات جیتنے کے ٹرانسفارمربانٹ رہے ہیں اگر یہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو ہم ان کے تمام ٹرانسفارمر چھین کر عوام میں تقسیم کردیں گے۔ عوا م کے وسائل لوٹنے والے آج چہرے بدل بدل کر عوام کے سامنے آرہے ہیں اور عوام کو سبز باغ دکھا کر ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن عوام ان لوگوں سے خبردار رہیں۔

جماعت اسلامی خدمت ، امانت اور دیانت کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے۔ عوام کو چاہئے کہ اب جھوٹ کی سیاست کو دفن کردیں اور ووٹ جیسی امانت صرف امانتدار لوگوں کو دیں تاکہ ملک کی سیاست اور نظام امانت اور دیانت کے راستے پر گامزن ہوسکے ۔ اسی میں عوام اور پاکستان کی بھلائی ہے۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد خان نے کہا کہ۔

جماعت اسلامی نے ہمیشہ قوم کی حکومت سے بڑھ کر خدمت کی ہے۔ زلزلہ ، سیلاب اور آئی ڈی پیز کی امداد میں جماعت اسلامی کی خدمات کسی سے پوشیدہ نہیں۔ جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات کے لئے بھی ایسے امیدواران کو ٹکٹ جاری کئے ہیں جو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وزراء ، سینیٹرز ، ایم این ایز اور ایم پی ایز کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے ۔

کوئی ان کے کردار کی طرف انگلی نہیں اٹھا سکتا ۔۔ قبل ازیں غوریوالہ میں سینکڑوں کارکنوں نے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان اور شبیر احمد خان کا استقبال کیا۔دونوں رہنماؤں نے شمشی خیل غوریوالہ میں ضلع کونسل کے امیدوار ملک روفیل خان کے الیکشن مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگ سے بھی خطاب کیا۔