سندھ ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں پر پولیس تشدد قابل مذمت،آزادیٔ صحافت کے لیے صحافی برادری کیساتھ ہیں، حافظ نعیم الرحمن

اتوار 24 مئی 2015 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور سیکریٹر ی اطلاعات زاہد عسکری نے سندھ ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں اور کیمرہ مینوں پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کی شدید مذمت کر تے ہو ئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے بلاکسی جواز کے صحافیوں پر تشد د کر نا ،ان کے کیمرے توڑ دینا اور چھین لینا انتہائی قابلِ مذمت اور افسوس کا باعث ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سندھ کو ناصرف اس واقعے کی تحقیقات کروانی چاہیے بلکہ پولیس میں گھسے ہوئے ایسے اہلکاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لینا چاہیے ۔ جو صحافیوں کے خلاف بلا کسی خوف کے اس طرح کی کاروائیاں کر تے ہیں ۔ جماعت اسلامی نے صحافیوں کے خلاف ہونے والے کسی بھی ناروا کاروائی کی ہمیشہ مذمت کی ہے اور ان کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی جماعت اسلامی آزادیٔ صحافت کے لیے صحافی برادری کا ساتھ دے گی ۔