باہمی قبائلی جھگڑوں سے بلوچستان میں بہت نقصان ہوچکا ،میر ظفراﷲ خان جمالی

جنگ و جدل پرضائع ہونیوالے وسائل کوکارگر بناکر آئندہ نسلوں کو زیورتعلیم سے آراستہ ،پائیدار ترقی کی بنیاد رکھنے کا وقت آچکا، سابق وزیراعظم کی وفد سے گفتگو

اتوار 24 مئی 2015 21:02

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء ) سابق وزیراعظم و رکن قومی اسمبلی میر ظفراﷲ خان جمالی نے کہا ہے کہ باہمی قبائلی جھگڑوں سے بلوچستان میں بہت نقصان ہوچکا اب وقت آچکا ہے کہ جنگ و جدل پرضائع ہونے والے وسائل کوکارگر بناکر آئندہ کی نسلوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کریں اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مینگل ہاؤس سریاب روڈکوئٹہ میں میرمحمدا شرف مینگل ،میر جمیل مینگل ،احمد مینگل ،میر عبدالجبار مینگل اورجمعیت علماء اسلام کے رہنما میر عبدالباسط مینگل کے مابین دو سالہ تنازعہ کے خاتمے کے موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہی اس سے قبل سابق وزیراعظم نے تمام فریقین کے مابین غیر مشروط راضی نامہ کرکے انہیں شیرو شکر کردیا۔

میر ظفراﷲ خان جمالی نے کہاکہ قوموں کی پسماندگی کی بنیادی وجہ شعوروتعلیم سے عدم توجہ اور دستیاب وسائل کا د رست استعمال نہ کرنا ہے وقتی جذبات میں کئے گئے منفی اقدامات دشمن داری کا باعث بنتے ہیں اور اس دشمن داری کے زمرے میں وسائل کا استعمال تعلیم وبنیادی سہولیات کی بجائے تحفظ و جنگ جدل کے مقاصد پرا ستعمال ہوتا ہے جس سے آنے والی نسلیں مالی مسائل کا شکار رہتی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ باہمی تنازعات اور جھگڑوں کوختم کرکے اجتماعی ترقی کی سوچ کوپروان چڑھایا جائے وطن عزیزآج جن مسائل سے دوچار ہے ان سے نبردآزما ہونے کیلئے ہر فرد کو وطن کا قرض ادا کرنا ہوگا پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا اب ہمیں پاکستان کودینا ہوگا گوادر کاشغر روٹ سمیت عالمی معاشی وتجارتی معاہدات کے بلوچستان پر غیر معمولی اثرات مرتب ہونگے کیونکہ مستقبل میں عالمی طاقتیں اپنے معاشی و اقتصادی مفادات کے حصول کیلئے سرگرم ہونگی اور مختلف زایوں سے بلوچستان ان گریٹ گیم کا میدان ہوگا ایسے نازک حالات کاادراک کرتے ہوئے ملکی سلامتی وقومی یکجہتی کا قیام ازحد ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی مفادات پر اتفاق رائے نہایت ضروری ہے اس ضمن میں فیصلہ ساز اور ارباب اختیار تمام اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں کے خدشات دور کرکے مثالی یکجہتی کی فضاء کے قیام کیلئے عملی پیش رفت کریں۔

متعلقہ عنوان :