Live Updates

ہمیں مذہب ، قرآن کی تعلیم اورحضورؐ کے بتائے راستے پر چلنا ہے ،سینیٹر پرویز رشید

حکومت ،پاک فوج ،سکیورٹی ادارے ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ، صرف اپنے نہیں دہشت گردوں کے بچوں کو بھی محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں انتخابات مقررہ مدت پوری ہونے کے بعد ہی ہونگے ،پارٹی الیکشن میں بے ضابطگیوں کے بعد 2015 میں پی ٹی آئی میں پارٹی الیکشن ہوسکتے ہیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا الخلیل قرآن کمپلیکس میں تقسیم اسناد اور دستار بندی کی تقریب سے خطا ب

اتوار 24 مئی 2015 21:02

ہمیں مذہب ، قرآن کی تعلیم اورحضورؐ کے بتائے راستے پر چلنا ہے ،سینیٹر ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے مذہب ،قرآن کی تعلیم اورحضورؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہے ، یہ راستہ کسی کی زندگی لینے نہیں بلکہ زندگیاں دینے والا ہے،حکومت ،پاک فوج اور سکیورٹی ادارے ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ، صرف اپنے نہیں،دہشت گردوں کے بچوں کو بھی محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں، انتخابات مقررہ مدت پوری ہونے کے بعد ہی ہونگے، پارٹی الیکشن میں بے ضابطگیوں کے بعد 2015 میں پی ٹی آئی میں پارٹی الیکشن ہوسکتے ہیں ۔

وہ اتوار کو الخلیل قرآن کمپلیکس کالج روڈ راولپنڈی میں تقسیم اسناد و دستار بندی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اس مدرسے سے میری بہت سی یادیں وابستہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مدرسے کے بانی حافظ خلیل الرحمان مرحوم نے ان کی بہت زیادہ رہنمائی کی اور کہا کہ آج بھی محسوس ہوتا ہے کہ میرا ہاتھ ان کے ہاتھ میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ ان کی لہجے کی نرمی، بچوں سے شفقت اور اسلام کی تدریس مجھے آج بھی یاد ہے،ان کی طبیعت میں ہمیشہ نرمی ہی تھی ،کبھی تلخی نہیں دیکھی اور اکثر میں انکے ہمراہ نماز ادا کرتا تھا ۔انہوں نے کہا کہ اس مدرسے نے اسلام کی وہ تعلیم لوگوں تک پہنچائی جس کے نتیجے میں مسلمان تقسیم نہیں بلکہ متحد ہوئے ہیں ،کیونکہ یہاں ہر مسلک کے طالبعلموں نے قرآن پاک کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی ؐ ہمیشہ محبت ،انسانیت کا درس دیتے تھے ، نبی کریم ؐ نے ہمیشہ اسی بات کا درس دیا کہ خدا تعالیٰ رب العالمین ہے ،اسکی رحمتیں ہر ایک پر نازل ہوتیں ہیں ،اﷲ تعالی جب رحمتیں نازل کرنے میں تقسیم نہیں کرتا تو ہم کیوں تقسیم اور فرقوں میں بٹے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نمازیوں کو شہید کردیا جاتا ہے ،جو لوگ اﷲ کی عبادت میں سرجھکائے ہوئے ہوتے ہیں انہیں شہید کردیا جاتا ہے ،جو لوگ یہ سب کچھ کرتے ہیں انھیں سمجھانا ہمارا ،عالم دین اور سب کا فرض ہے ،اسلام کا پیغام پہنچانے کے لیے وہ راست اختیار کیا جائے جو قرآن و سنت کے عین مطابق ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کرنے والوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ہم صرف اپنے بچوں کے لیے دہشت گردی ختم نہیں کرنا چاہتے بلکہ دہشت گردوں کے بچوں کو بھی محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملہ ہوا اور ٹیم کو واپس جانا پڑا ، پھر کچھ عرصہ کے بعد پاکستان میں ڈینگی مچھر کی وباء آگئی،وزیر اعلی پنجاب نے اس بیماری کے خلاف ایک محاذ قائم کیا ،علی الصبح میٹنگز کرتے اور رات گئے اس بیماری کو ختم کرنے میں مصروف عمل رہتے ،میڈیا کی بھی خبریں تھیں کہ کافی لوگ جاں بحق ہوئے ہیں اور اگلے سال مزید حملے بڑھیں گے اس صورت حال میں سری لنکن ڈاکٹروں کی ٹیم پاکستان آتی ہے ،جس ملک کے کھلاڑیوں پر دہشت گردی کا حملہ ہوتا ہے ،جب مچھر سے ہماری زندگی کو خطرہ ہوا تو اسی ملک کے ڈاکٹر پاکستا ن آئے ،سری لنکن ڈاکٹروں نے جو ہمارے ساتھ کیا یہ وہی تعلیم ہے حضورؐ نے جس کی تلقین کی تھی ،دنیا میں کسی کو دکھ اور پریشان میں دیکھو اسکی مدد کو پہنچو ،یہ تو قرآن پاک کی تعلیم ہے ،ہمیں اپنے مذہب ،قرآن کی تعلیم اورحضورؐ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہے ، یہ راستہ کسی کی زندگی لینے نہیں بلکہ زندگیاں دینے والا ہے ،ہم سب ایک دوسرے کے بہن اور بھائی ہیں ،ایک دوسرے کے دکھ اور درد میں شریک ہوتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جہاں مساجد دارالاایمان ہوں ،محبت امن بھائی چارے دوستی، پیار کا پیغام دینے والی ہوں ،وہ علماء حق جو آج بھی پاکستان کے مسلمانوں اورعالم اسلام کو اسی پیغام سے روشناس کراتے ہیں جو ناصرف ہمارے دلوں کو منور کرتا ہے بلکہ ہمیں مثبت راہنمائی بھی دیتے ہیں، میں انکا پیروکار ہوں ۔ قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کر تے ہوئے الحاج حافظ نسیم احمد خلیل نے کہا کہ الخلیل قرآن کمپلیکس میں60طلباء کی دستار بندی ،حفظ قرآن کی اسناد دی جارہی ہیں ،آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم نے قرآن پاک سکھیں گے ،تلاوت کو معمول بنائیں اور اس پر مکمل عمل کریں گے۔

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مسلم لیگ ن کے راہنما پیرزادہ راحت مسعود قدوسی نے کہا کہ مذہبی درسگاہوں کے ساتھ تعلق میرے لیے باعث فخر ہے ،قرآن وہ راہ دکھاتا ہے جو سیدھی ہے ،اس مدرسے کی بنیاد 1948میں خلیل احمد مرحوم نے رکھی ،ایک درخت کے نیچے سے اس مدرسے کا آغاز ہوا، تعلیمی ادارے عمارت کا نام نہیں ،استاد اور شاگرد کے تعلق کا نام ہوا کرتے ہیں ،عمارت بڑی ہو استاد اور شاگرد کا رشتہ کمزور ہو تو وہ تعلیمی ادارہ کمزور ہوا کرتاہے ،ہمارے بچوں نے بھی یہاں سے قرآن حفظ کیا ہے ،اس مدرسے میں استاد اور شاگرد کا رشتہ بہت مضبوط ہے ،اب تک لاکھوں بچوں قرآن حفظ کر چکے ہیں ۔

اس موقع پرایم ایس ایف پنجاب کے صدر مقبول احمد خان ،ڈائریکٹرنیشنل کالج آف آرٹ راولپنڈی ڈاکٹرندیم عمر تارڑ ،ڈی ایس پی حافظ حامد خلیل سمیت حفاظ کرام کے والدین اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات