ایچ ڈی پی کا مسجد روڈ پر دکانداروں پر فائرنگ، دو افراد کی ہلاکت پر اظہار افسوس

صوبائی حکومت، محکمہ داخلہ ، قانون نافذ کرنیوالے ادارے شرانگیزی ، تعصبات پھیلانے والے مٹھی بھر افراد کیخلاف کارروائی کریں، بیان

اتوار 24 مئی 2015 20:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء ) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں مسجد روڈ میں دوکانداروں پر فائرنگ کے واقعہ اور اسکے نتیجے میں 2افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کو کوئٹہ کے شہریوں،کاروباری حلقوں،تاجروں کے خلاف گہری سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے کوئٹہ شہر پر مذہبی شدت پسند مسلط ہوگئے ہیں جو ایک طرف ہزارہ قوم کے قتل عام کے ذریعے انکی نسل کشی کر رہی ہیں تو دوسری طرف کاروبار،امن،کوئٹہ شہر کے تاریخی رواداری،بھائی چارگی،مذہبی و فرقہ وارانہ ہم آھنگی کو برباد کرکے کوئٹہ کے شہریوں،تاجروں اور کاروباری طبقہ کے معاشی قتل عام کر رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ انتہائی دکھ اور افسوس کا مقام ہے کہ چند شد ت پسنددہشت گرد بازار میں آکر دوکانوں کو زبردستی بند کرانے،فائرنگ کرکے بیگناہ دوکانداروں کو ہلاک کرنے اور شرانگیز نعرے بازی کے ذریعے کوئٹہ کے شہریوں کی کھلی عام دل آزاری کے واقعات کے مرتکب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

مگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور برسراقتدار حکومت انکے خلا ف کسی قسم کی کاروائی نہیں کرتے۔

حالانکہ دل آزاری پر مبنی نعرے بازی،شہر میں خوف و ہراس پھیلانے،فائرنگ اور دوکانداروں کی بلاوجہ اور بیگانہ ہلاکت پر مذہبی دہشت گرد جماعت کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جانی چاہئے تھی جو کہ نہیں لائی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت،محکمہ داخلہ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ کوئٹہ شہر کو چند نفرت پھیلانے والے عناصر سے آزاد کراکر شر انگیزی اور تعصبات پھیلانے والے مٹھی بھر افراد کے خلاف کاروائی کریں۔

مگر افسوس کا مقام ہے کہ تمام تر شرانگیزی،تعصبات پر مبنی نعرے بازی،دھونس دھمکیاں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے آنکھوں کے سامنے کھلے عام ہوتے ہیں اور قانون ہاتھ باندھ کر انکی تحفظ کی ذمہ داری انجام دے رہا ہوتاہے۔بیان میں تاجر برادری،دوکانداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ تاجر برادری کسی دھونس،دباؤ اور دھمکی میں آئے بغیر اپنے کاروبار کو جاری رکھیں۔

پارٹی اور کوئٹہ کے حقیقی اکثریت امن پسند طبقہ انکے ساتھ ہیں۔بیان میں ہلاک ہونیوالے دوکانداروں کی مغفرت کی دعا اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور قانو نافذ کرنیوالے اداروں سے مذہبی دہشت گرد گروہ کے خلاف کاروائی،تاجروں کے قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری اور شر پسندانہ نعرے بازی و شہریوں کو خوف ہراس میں مبتلا کرنیوالے افراد کو کیفر کردارا تک پہنچانے کا مطالبہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :