فرانس،بورڈیوکس ائیر پورٹ پر بم کی جھوٹی اطلاع دینے والا شخص گرفتار

گرل فرینڈ کو پرواز چھوٹ جانے کے خطرے سے ایسا کیا،گرفتار شخص کا بیان `

اتوار 24 مئی 2015 20:13

فرانس،بورڈیوکس ائیر پورٹ پر بم کی جھوٹی اطلاع دینے والا شخص گرفتار

بورڈیوکس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء)فرانسیسی پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے،جس نے ائیرپورٹ پر بم سے متعلق غلط انتباہ جاری کیا تھا تاکہ پرواز تاخیر کا شکار ہو اور اس کی گرل فرینڈ پہنچ سکے،جس کے متعلق خطرہ تھا کہ وہ پرواز سے محروم ہوجائے گی،یہ بات استغاثہ نے اتوار کے روز کہی۔

(جاری ہے)

جنوب مغربی فرانس میں 33سالہ شخص نے گزشتہ روز بورڈیوکس میرگنیک کے علاقائی ائیرپورٹ کو فون کیا اور حکام کو بتایا کہ وہاں بم موجود ہے،پولیس نے فوری طور پر ائرپورٹ کو سیل کرکے تلاشی آپریشن شروع کیا،اس شخص کو بورڈیوکس سے 20کلومیٹر( 12میل)کے فاصلے سے حراست میں لیا گیا۔

پولیس کی تفتیش کے دوران اس نے بم سے متعلق انتباہ کا اعتراف کیا اور وضاحت کی کہ وہ ایسا اس لئے کرنا چاہتا تھا تاکہ پرواز تاخیر کا شکار ہو اور اس کی گرل فرینڈ پہنچ سکے کیونکہ وہ ٹریفک میں پھنسی ہوئی تھی۔استغاثہ نے غیرملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ محبت کی یہ کارروائی مہنگی پڑ سکتی ہے اسے دو سال قید کی سزا اور 33,000ڈالر جرمانہ ہوسکتا ہے۔اسے بورڈیوکس کی عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔