افغانستان، طالبان کا سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ، 10 اہلکار ہلاک،16 زخمی،3 اہلکار اغواء کرلیے، طالبان نے سنگین کے علاقے میں 10 پولیس چیک پوسٹوں پر حملے کئے، تین چوکیوں پر طالبان نے قبضہ کر لیا ، باقی مقامات پر سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے،اعلی صوبائی اہلکار

اتوار 24 مئی 2015 14:06

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 مئی۔2015ء) افغانستان کے صوبہ ہلمند میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر طالبان کے تازہ حملوں میں 10 اہلکار ہلاک اور16 زخمی ہوگئے ۔اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق ہلمند کے جوائنٹ کو آرڈینیشن آفس کے ڈائریکٹر محمد اسماعیل ہوتاکی نے بتایا ہے کہ طالبان نے سنگین کے علاقے میں 10 پولیس چیک پوسٹوں پر حملے کئے۔

محمد اسماعیل ہوتاکی نے مزید بتایا کہ3 پولیس اہلکاروں کو طالبان نے اغوا کر لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تین چوکیوں پر طالبان نے قبضہ کر لیا ہے جبکہ باقی مقامات پر سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسماعیل کے مطابق اس کارروائی میں طالبان کی ایک بڑی تعداد حصہ لے رہی ہے۔جوائنٹ کو آرڈینیشن آفس کے ڈائریکٹر کے مطابق طالبان علاقے میں آگے پیش قدمی کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد طالبان کی جانب سے حملوں میں تیزی آئی ہے۔طالبان کی جانب سے افغان فورسز کے خلاف کارروائیوں کا نیا سلسلہ گزشتہ ماہ سے شروع کیا گیا ہے جس میں متعدد کاروائیاں کی گئی ہیں۔