` زمبابوے ٹیم کا دورہ ، پاکستان میں امن وامان کی بہتر صورتحال کو سراہا گیا ہے‘ لیاقت علی ملک

سیکورٹی پر مامورافسران و اہلکاروں کی لازوال فرائض سرانجام دینے پر سلام پیش کرتے ہیں،ایس پی سیکورٹی `

ہفتہ 23 مئی 2015 23:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) ایس پی سیکورٹی کیپٹن (ر)لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد کے بعد جہاں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا پیغام پوری دنیا میں گیا ہے اسی طرح پاکستان میں امن وامان کی بہتر صورتحال کو بھی لوگوں نے سراہا ہے۔لاہور پولیس اپنے معزز مہمانوں کو نہ صرف سکیورٹی فراہم کرنے پر فخر محسوس کرتی ہے بلکہ مزید شبانہ روز دل جمی سے تحفظ دینے کو تیار ہے۔

ڈیوٹی پر مامورافسران و اہلکاروں کی لازوال فرائض سرانجام دینے پر سلام پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سکیورٹی برانچ میں بہترین کارکردگی دیکھانے والے 11 افسران واہلکاروں کو نقد انعام اور CC-I سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس پی سکیورٹی کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے مزید کہا کہ افسران و اہلکاروں کے نقدانعام و تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سی سی پی او کیپٹن (ر) محمد امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنزڈاکٹر حیدر اشرف کی خصوصی ہدایت اور ویژن کے مطابق منعقد کی گئی اور آئندہ بھی اچھی کارکردگی دیکھانے والے اہلکاروں کی خدمات کو ہمیشہ سراہا جائے گا۔

یہ نقد انعام و سرٹیفکیٹس اہلکاروں کی خدمات کی قیمت نہیں ہے بلکہ انکی خدمات کو سراہانے کا طریقہ ہے جب کوئی ہمارا اہلکار لوگوں کی خدمت کر کے ان سے دعائیں لیتا ہے تو ہمارا سر بھی فخر سے بلند ہو جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس پی سکیورٹی کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے اچھی کارکردگی دیکھانے پر ہیڈ کلر ک خالد محمود کو 15 ہزار،سینئر کلرک امجد بخاری، ASIمحمد نواز،T/ASI محمدعلی سفیان کو2/2ہزار، ہیڈ کانسٹیبل سلیم رشید ، کانسٹیبل شاہد محمود، کانسٹیبل ثمر اقبال کو 5/5 ہزار جبکہ کانسٹیبل محمد جواد، کانسٹیبل عمران خان، کانسٹیبل مشتاق احمد اور کانسٹیبل عاطف بیگ کو 1/1 ہزار روپے نقد انعام اور تمام ملازمین کو CC-I سرٹیفکیٹ تقسیم کیئے۔

متعلقہ عنوان :