ملک میں جاری دہشت گردی ماضی کے حکمرانوں کی فاش غلطی تھی جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آج پاک فوج عظیم قربانیاں دے رہی ہے

پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر منور تالپورکا بیان

ہفتہ 23 مئی 2015 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر منور تالپور‘اعجاز حسین جکھرانی اور میر شبیر علی خان بجارانی نے کہا ہے کہ ملک میں جاری دہشت گردی ماضی کے حکمرانوں کی فاش غلطی تھی جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے اور جس کے خاتمے کیلئے آج پاک فوج عظیم قربانیاں دے رہی ہے۔ ایک طرف آپریشن ضرب عضب پوری قوت سے جاری ہے تو دوسری جانب دیگر صوبوں میں بھی پاک فوج اور پیرا ملٹری فورس برسر پیکار ہے۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اور سیاسی قیادت پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے لیکن یہ کافی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ایک طرف دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نبٹا جائے جیسا کہ پاک فوج کررہی ہے تو دوسری جانب پوری سول سوسائٹی سمیت مدارس اور جامعات کے اساتذہ اور پروفیسر کو دہشت گردی کے مائنڈ سیٹ کو ختم کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی اور قابل عمل منصوبوں کے ساتھ سامنے آنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز پشاور کی ایک مساجد میں پیش امام نے خود کش حملہ کر کے خوف کی ایک تازہ لہر دوڑا دی ہے اور اب کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ کس مسجد کا پیش امام خود کش بمبار ثابت ہو،اسی طرح تعلیم یافتہ نوجوانوں کا دہشت گردی کے نیٹ ورک میں شامل ہونا پوری قوم کے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ نہ جانے کونسا انجینئر، ڈاکٹر یا کوئی اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان دہشت گردی کے نیٹ ورک کا حصہ ہو۔ لہذا یہ وقت کی ضرورت ہے کہ دہشت گردی کے مائنڈ سیٹ کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے۔

متعلقہ عنوان :