پولیومہم نئی نسل کو معذوری سے بچانے کی ایک عالمی کوشش ہے،ملک رشید

ہفتہ 23 مئی 2015 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) بزم فیضان رضاونورانی انٹرنیشنل کے نائب صدرملک محمدرشیدنے صوبہ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں پر حملوں کے نتیجہ میں قیمتی جانوں کے نقصان کو قومی المیہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پولیومہم نئی نسل کو معذوری سے بچانے کی ایک عالمی کوشش ہے ۔ علماء کرام اپنے علاقوں کے افراد کو سمجھائیں کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کے متفقہ فیصلہ پر یہ مہم چل رہی ہے جس کے حق میں تمام مکاتب فکر کے علماء نے متفقہ فتوے بھی جاری کئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ افسوس مکاتب فکر کے علماء کرام کے فتووں کے باوجود پولیوورکرزپریہ جارحانہ اور قاتلانہ حملے ہورہے ہیں جونہایت افسوسناک اور شرمناک ہیں۔انہوں نے اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچانا قومی ضرورت ہے، ضرب عضب کی کامیابی سے ملک و قوم کا مستقبل وابستہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں علماء اور دانشوروں کو بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے اور پولیومہم کو سبوتاژ کرنے والے ملک و قوم کے دشمنوں کے خلاف کھل کر اظہار خیال کرنا چاہیے ۔ دینی جماعتوں کے قائدین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ وہ پولیو مہم میں حصہ لینے والے تمام افراد کو مکمل تحفظ فراہم کریں اور حکومت ملک کو پولیو کے بارے میں مٹھی بھر دہشت گردوں کے پھیلائے ہوئے شکوک و شبہات سے پاک کرے ۔