سندھ ہائی کورٹ کے باہر مبینہ طورپر صحافیوں پر تشدد کا سختی سے نوٹس لے کرآئی جی اور ایڈیشنل آئی سندھ کو فوری طور پر ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایات دے دی

وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن کا بیان

ہفتہ 23 مئی 2015 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے ہفتہ کے روز سندھ ہائی کورٹ کے باہر مبینہ طورپر صحافیوں پر تشدد کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی سندھ کو فوری طور پر ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آزادی صحافت پر کسی قسم کی کوئی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی اور اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف بلازامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

ہفتہ کواپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے سندھ ہائی کورٹ کے باہر صحافیوں خصوصاً کیمرہ مینوں پر سادہ لباس میں ملوث پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر تشدد کی خبروں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس سے رابطہ کیا اور ان سے پورے واقعہ کی تفصیلات طلب کیں۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے اعلیٰ پولیس اہلکاروں کو ہدایات دیں کہ اس واقعہ میں ملوث جو بھی افراد ہیں ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت کی علمبردار جماعت ہے اور ہم نے آمریت ہو یا جمہوریت کسی بھی دور میں آزادی صحافت پر کسی بھی قدغن کو برداشت نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا ہی جمہوریت کی عکاسی کرتا ہے اور پیپلز پارٹی نے اس ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے جو قربانیاں دیں ہیں شاید کسی بھی سیاسی جماعت نے نہیں دی ہیں۔ شرجیل انعا م میمن نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی آزادی صحافت کا گلا دبانے کی کوئی کوشش نہیں کی بلکہ ہم نے ہمیشہ آزادی صحافت کے لئے ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

انہوں نے صحافی برادری بالخصوص کیمرہ مینوں کو یقین دلایا ہے کہ وہ سندھ ہائی کورٹ کے باہر پیش آنے والے واقعہ میں ملوث جو بھی افراد ہوں گے چاہے وہ پولیس کے اہلکار ہی کیوں نہ ہوں ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرائیں گے اور اس میں ملوث افراد کو اس کی سزا ضرور دی جائے گی۔ انہو ں نے اس واقعہ میں تشدد کا نشانہ بننے والے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ پیپلز پارٹی اور بالخصوص پیپلز پارٹی کی موجودہ سندھ حکومت صحافیوں کے ساتھ ہے اور ہمیشہ رہے گی۔

متعلقہ عنوان :