حکومت بجٹ اعلان سے پہلے عوام کو بتا ئے کہ وہ آئندہ وفاقی بجٹ میں غریبوں کو موجودہ شدید اور جان لیوا مہنگائی سے تحفظ کیلئے کیا مالی و معاشی ریلیف دے گی، بہ صورت دیگر عوام اس بات سے آگاہ ہونے کیلئے جلد اپنی جدوجہد کا آغاز کر دینگے، مہنگائی بڑھائی اور ریلیف نہ دیا گیا تو سڑکوں پر دما دم مست قلند ر ہو گا

عوامی ہمدرد پارٹی پاکستان کے مرکزی چیئرمین جمیل اقبال سیّدو دیگرکا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 23 مئی 2015 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) ملک بھر کے 70 فیصد انتہائی غریب اور 25 فیصد سفید پوش عوام کی موجودہ ابتر مالی و معاشی حالات زار میں بہتری اور خوشحالی کی تبدیلی لانے کیلئے کوشاں ’’ عوامی ہمدرد پارٹی پاکستان‘‘ کے مرکزی رہنماؤں بانی و مرکزی چیئرمین جمیل اقبال سیّد، اے ڈی قریشی، شکیل ملک، کامریڈ ریحان شاہ ،سعد الرحمان ،محمد حامد،فیصل غوری، راؤ صولت علی خان، آفتاب احمد و دیگر نے حکومت سے مطالبہ کر دیا ہے کہ وہ بجٹ اعلان سے پہلے ہی عوام کو بتا ئے کہ وہ آئندہ وفاقی بجٹ میں غریب عوام کو موجودہ شدید اور جان لیوا مہنگائی سے تحفظ کیلئے کیا مالی و معاشی ریلیف دے گی بہ صورت دیگر عوام اس بات سے آگاہ ہونے کیلئے جلد اپنی جدوجہد کا آغاز کر دینگے اور اگر حکومت نے بجٹ میں عوام کو شدید اورجان لیوا مہنگائی سے کوئی ریلیف نہ دیا اور حسب سابق مہنگائی میں اضافے کے اقدامات کئے تو پھرعوام اپنی بھوک، افلاس، فاقوں اور معاشی کسمپرسی کے ہاتھوں مجبور ہو کر سڑکوں پر نکل کر دما دم مست قلندر کرنے پر مجبور ہو جائینگے۔

(جاری ہے)

ہفتے کو پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی رہنماؤ ں نے کہا کہ ملک کے طویل عرصے سے شدید اور جان لیو ا مہنگائی کے ڈسے ہوئے 95فیصد غریب اور سفید پوش عوام پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے تینوں ادوار سے مالی و معاشی ریلیف کے منتظر ہیں مگر ان حکومتوں نے ہربار خزانہ خالی ہے اور ملک کی معاشی ترقی کے نام پر غریب عوام سے قربانیوں کا تقاضہ کر کے غریب اورسفید پوش عوام کو ہر بجٹ میں مالی و معاشی ریلیف سے محروم کر کے انکی غیر آئینی و غیر قانونی حق تلفیاں کی ہیں کیونکہ ملک کی معاشی ترقی کے ثمرات سے اپنا حصہ لینا عوام کا بنیادی آئینی و قانونی حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان دونوں پارٹیوں نے اپنے اقتدار کی تینوں باریوں میں عوام سے خراب حالات اور خزانہ خالی ہے کے نام پر قربانیاں مانگیں مگر خود اسی خالی قومی خزانے سے نہ صرف عیاشیاں کیں بلکہ ملک کے اندر اور باہر اپنے کارباروں اور اثاثوں اور بینک بیلنسوں میں اضافے بھی کئے ہیں جس سے ثابت ہو جاتا ہے کہ حکومت نے اپنی عیاشیوں اور دیگر مفادات کے لئے انہیں ووٹ دیکر حکومت میں لانے والے عوام سے شرمناک دھوکہ کیا ہے۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ چونکہ ابھی سے ایسے اشارے مل رہے ہیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس بار بھی حکومت خراب حالات اور معاشی ترقی کے نام پر عوام کو مالی و معاشی ریلیف سے نہ صرف محروم بلکہIMF کی غلامی کرتے ہوئے مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ بھی کرے گی اس لئے وہ IMF برانڈ ظالم و قاتل بجٹ سے مقابلے کی تیاری شروع کر دیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصدکے لئے عوامی ہمدرد پارٹی جلد اپنی جدوجہد کا آغاز کر دیگی ۔

جس میں میڈیا، عوام اور ا ن کی ہمدرد سیاسی پارٹیوں اور سماجی و دیگر داراروں کو بھرپور کردار ادا کر کے عوام کو آئندہ وفاقی بجٹ میں موجودہ شدید اور جان لیوا مہنگائی سے قابل ذکر مالی و معاشی ریلیف دلانا ہو گا بہ صور ت دیگر جلد یا بدیر ملک میں بھوک ، افلاس، فاقوں سے طبعی اموات یاخود کشیوں کا کربناک انسانی المیہ شروع ہو سکتا ہے ۔