وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے وفد کے بیرون ملک دورے

اوورسیز پاکستانیز کمیشن اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے مشترکہ وفد نے دبئی‘ بحرین اور قطر کا 6روزہ دورہ کیا پاکستانی کمیونٹی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان بالخصوص پنجاب میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی

ہفتہ 23 مئی 2015 22:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر اوورسیز پاکستانیز کمیشن اور پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈکا مشترکہ وفد دبئی‘ بحرین اور قطر کا دورہ کر رہا ہے۔6روزہ دورے کے دوران وفد کے ارکان اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کریں گے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مسائل کے حل کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

اعلیٰ سطح مشترکہ وفد کے ارکان اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کی فراہمی میں بھی معاونت کریں گے۔ دبئی میں پاکستانی وفد نے پاک دبئی بزنس کونسل اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی وسیع تعداد سے قونصل جنرل دبئی کی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان سے آنے والے وفد کو مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا گیا۔

جبکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو یقین دہانی کرائی گئی کہ حکومت پاکستان ترجیحی بنیادوں پر ان کی شکایات کے حل کے لئے کوشاں ہے۔ وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانی کمیشن خالدشاہین بٹ‘ کمشنر اوورسیز پاکستانیز افضال بھٹی‘ ڈائریکٹر پولیس احمد مبین اور لبنیٰ پٹھان پر مشتمل وفد نے پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان‘ بالخصوص پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سرمایہ کاروں کے لئے حکومتی تعاون سے آگاہ کیا۔

جبکہ بحرین میں وفد نے بحرین کے وزیرتجارت اور چیئرمین بحرین کامرس اینڈ انڈسٹری کے علاوہ پاک بحرین بزنس کونسل کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ پاکستان کلب بحرین میں پاک بحرین بزنس کونسل کے زیراہتمام اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات کی۔ پاکستانی وفد نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یقین دلایا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کے امور کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر بحرین کے تاجروں اور پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :