ایگزیکٹ اسکینڈل،کامران خان سمیت بڑے ناموں کا بول چھوڑنے کا اعلان جبکہ ملک ریاض کا اعلانِ لاتعلقی

ہفتہ 23 مئی 2015 22:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) ایگزیکٹ کمپنی کے خلاف جعلی ڈگریوں کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ایگزیکٹ میڈیا گروپ کے صدر اور ایڈیٹر انچیف کامران خان سمیت سی ای او اظہر عباس نے ادارے سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔ دوسری جانب بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض نے بھی ایگزیکٹ کے چینل سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کامران خان نے بول سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بول چھوڑنے کا فیصلہ ضمیر کی آواز پر کیا ہے۔

ایگزیکٹ کا معاملہ فی الحال عدالت میں ہے تاہم میرا ضمیر اب مجھے بول میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔بول نیٹ ورک کے سی ای او اظہر عباس نے بھی اپنے استعفی کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ استعفے کا فیصلہ ایڈیٹرز اور ا پنے اسٹاف سے مشورے کے بعد کیا۔

(جاری ہے)

سینئر صحافی افتخار احمد نے بھی بول نیٹ ورک سے علیحدگی کا اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا جس میں ان کہنا تھا کہ وہ اب مزید بول نیٹ ورک کے ساتھ کام نہیں کرسکتے کیونکہ ایگزیکٹ کا بنیادی کام ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں سے متصادم ہورہا ہے۔

معروف صحافی اور نیوز اینکر نصرت جاوید نے بھی بول چھوڑنے کااعلان کیاہے جبکہ معروف اینکر عاصمہ شیرازی نے بول نیٹ ورک سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سچ ضرور سامنے آئے گا۔