رمضان المبارک کی آمد سے قبل کراچی میں پانی بحران ختم کیا جائے،اسماعیل راہو

ٹینکر مافیا نے پانی کی مہنگے داموں تقسیم شروع کررکھی ہے ،انفارمیشن سیکرٹری سندھ اسلم ابڑو

ہفتہ 23 مئی 2015 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) کراچی میں پانی کے بحران کے ذمہ دار سندھ کے نااہل حکمران ہیں، ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ سندھ کے صدراسماعیل راہو،جنرل سیکریٹری نہال ہاشمی ،سینئرنائب صدرسید شاہ محمدشاہ اور اطلاعات سیکریٹری سندھ محمد اسلم ابڑو نے میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ کراچی میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے پیپلزپارٹی شہریوں سے انتقام لے رہی ہے، پانی کی منصفانہ تقسیم نہیں کی جارہی ہے، ہائیڈرنٹس میں پانی ہونے باوجود شہری بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور ٹینکرز مافیا کی چاندی ہورہی ہے، واٹر بورڈ اورسندھ کے نااہل وزراء اس سازش میں ملوث ہیں۔

محمداسلم ابڑو نے واٹر بورڈ نے بیورو کریسی کی توجہ مبذول کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلزپارٹی کے جیالے نہ بنیں اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔کراچی کے تمام علاقوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کریں انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک سے پہلے کراچی میں پانی کے مصنوعی بحران کا خاتمہ کیا جائے۔اسلم ابڑونے کہاکہ گذشتہ روز پانی بحران کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات شرجیل میمن کی غیر حاضری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں پانی بحران کا مسئلہ حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔