اسٹیٹس کو ،کی حامی قوتوں کو دیس نکالا دیئے بغیر عام آدمی کو اس کے غصب شدہ حقوق نہیں مل سکتے‘ سینیٹر سراج الحق

اشرافیہ ہرصورت اقتدارپر قابض رہنا چاہتا ہے ،بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کو بے حال کررکھا ہے ،کاروبار زندگی معطل ہے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو ہم پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست اور کلین گرین پاکستان بنانے کا عہد پورا کرینگے‘ مختلف وفود سے گفتگو

ہفتہ 23 مئی 2015 21:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیٹس کو ،کی حامی قوتوں کو دیس نکالا دیئے بغیر عام آدمی کو اس کے غصب شدہ حقوق نہیں مل سکتے ،اشرافیہ ہرصورت اقتدارپر قابض رہنا چاہتا ہے ،تمام وسائل اور اداروں کو کرپٹ اشرافیہ نے یرغمال بنا رکھا ہے جس سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ،بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کو بے حال کررکھا ہے ،کاروبار زندگی معطل ہے ،صنعتیں اور کارخانے بند پڑے ہیں جس سے لاکھوں مزدور بے روز گار ہوچکے ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں نہیں رینگ رہی،جماعت اسلامی عام آدمی کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے عوام اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے جماعت اسلامی کے کندھے کے ساتھ کندھا ملاکر کھڑے ہوجائیں اوربلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے دیانتدار امیدواروں کو کامیاب کروائیں ،بلدیاتی انتخابات اسلامی اور خوشحال پاکستان کی پہلی منزل ثابت ہونگے ،عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا تو ہم پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست اور کلین گرین پاکستان بنانے کا عہد پورا کریں گے،ملک میں آئین کی بالادستی اور میرٹ کی حکمرانی کے بغیر ظلم و جبر کا خاتمہ نہیں ہوگا،68سال سے اقتدار کی باریاں لگانے والوں نے عوام کااستحصا ل اور ملک کو کنگال کیا، پاکستان کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والوں سے نجات حاصل کئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاور میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو اﷲ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل سے نواز ا ہے مگر وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے ملک میں غربت ،مہنگائی ،بے روز گاری اور بدامنی نے ڈیر ے ڈال رکھے ہیں ۔غریبوں کا مسلسل استحصال ہورہا ہے ،انہیں زندگی گزارنے کی کوئی سہولت دستیاب نہیں اور تمام تر وسائل اور سہولیات پر جاگیرداروں اورسرمایہ داروں نے قبضہ کررکھا ہے ۔

بھوک اور غربت کی وجہ سے لوگ خود کشیوں پر مجبور ہیں مگر ظالم سرکار نہ انہیں زندہ رہنے کا حق دیتی ہے اور نہ عزت سے مرنے کا موقع ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پھولوں جیسے معصوم بچے محنت مزدوری پر مجبور ہیں ۔پڑھے لکھے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں پکڑے مارے مارے پھر رہے ہیں مگر انہیں نوکری نہیں ملتی جبکہ اشرافیہ کے نااہل اور بدقماش شہزادوں کو اعلیٰ سرکاری عہدوں پر تعینات کرکے میرٹ اور قانون کا مذاق اڑایا جاتا ہے ۔

سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ ملکی اقتدار پر قابض رہنے والی پارٹیوں نے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم کرنے کے بجائے اپنی بادشاہت کو طول دیا ،حکمرانوں نے ملکی وسائل کی بندر بانٹ اور قومی خزانے کی لوٹ مار سے اپنی کئی کئی نسلیں سنوار لیں جبکہ عام آدمی کی آنے والی نسلوں کو غربت ،جہالت ،بھوک اور ننگ کے حوالے کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنا ووٹ کا رویہ بدلیں اور بار بار ڈسنے والوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کریں ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا چاند سے آگے مریخ کی جانب محو سفر ہے جبکہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان اندھیروں کے چنگل میں پھنسا ہوا ہے ۔سراج الحق نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے بیسیوں امیدوار اب تک بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں ،اگر عوام نے ہم پر اعتماد کرتے ہوئے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی و فلاحی مملکت بنا ئیں گے جہاں کسی غریب کا استحصال نہیں ہوگا اور عام آدمی کو بھی زندگی گزارنے کی وہی سہولتیں ملیں گی جن سے آج اشرافیہ لطف اندوز ہورہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قومی خزانے کے منہ عام آدمی کی فلاح و بہبود اور ترقی کیلئے کھول دے گی اور پاکستان کو کلین اور گرین پاکستان بنائے گی جو عالم اسلام کی قیادت کرے گا اور ہم دنیا میں اپنے کھوئے ہوئے عزت و وقار کو بھی دوبارہ حاصل کریں گے ۔