پشاور، صحافیوں کی حالت زاربہتر کرنا ،استعداد کار بڑھانا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،شاہ فیصل خان

ہفتہ 23 مئی 2015 21:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) چیئرمین ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی ہنگو شاہ فیصل خان ایم پی اے نے کہا ہے کہ صحافیوں کی حالت زاربہتر کرنا اوران کا استعداد کار بڑھانا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ہنگو جیسے پسماندہ ضلع میں جدید سہولیات سے آرستہ پریس کلب کی تعمیر اس طرف اہم قدم ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پریس کلب کی تعمیر سے صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں آسانیاں میسر آ ئیں گی اور وہ اپنے قلم کے ذریعے بہتر طورپر معاشرے کی خدمت کرسکیں گے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہنگو میں 1 کروڑ 12 لاکھ روپے کی لاگت کے پریس کلب کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر دوسروں کے علاوہ پریس کلب ہنگو کے صدر میاں سیف الاسلام کاکا خیل،سینئر نائب صدر طارق محمود مغل،ھنگو یونین آف جرنلسٹ کے صدر اسرار احمد اورکزئی،نائب صدر محمد فخرالاسلام کاکا خیل ، حافظ عمر حیات،عالم زادہ،سلمان محموداور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے تختی کی نقاب کشائی کرکے پریس کلب کا سنگ بنیا د رکھا اور اس کی کامیابی کے لئے دعا کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ فیصل خان نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ ضلع میں مثبت صحافت کو فروغ دینے اور معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کے لئے سنجیدہ اور مثبت رپورٹنگ کو شعار بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے مزین پریس کلب ھنگو کی تعمیریہاں کے صحافیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے صوبائی حکومت نے پورا کرکے دکھایا لہٰذا اب وہ اس پریس کلب کا بھر پور استعمال کرکے حکومت اور عوام کے درمیان پُل کاکردار ادا کریں اور عا م آدمی کے مسائل کے حل میں اپنی صحافتی ذمہ داریاں بھر پورطریقے سے ادا کریں ۔

چیئر مین ڈیڈک نے اسرار احمد اورکزئی کی طرف سے پیش کردہ سپاسنامے کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحافیوں کی مسائل سے غافل نہیں اوروہ مقامی صحافیوں کے مسائل کے حل میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہو ں نے کہاکہ پریس کلب کے قیام کی صورت میں صحافیوں کابڑا مسئلہ حل ہوگیا ہے اوردوسرے مسائل کے حل کے لئے وہ صوبائی حکومت سے مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔صحافیوں نے اس اہم موقع پر تقریب میں شرکت کرنے اوران کے مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر ان کا شکریہ اد ا کیا ۔

متعلقہ عنوان :