شہر میں ٹیوب ویلوں کی تنصیب کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے‘ وائس چیئرمین واسا

گرمی کی شدت کے پیشِ نظر جنریٹر رینٹ پر حاصل کر کے ٹیوب ویل چلائے جائیں‘چوہدری شہباز احمد

ہفتہ 23 مئی 2015 21:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) واسا کے ہیڈ آفس میں وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد کی زیرِصدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں موسم گرما کی شدت اور آئندہ مُون سُون سے متعلق کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایم ڈی واسا چوہدری نصیر احمد،ڈی ایم ڈی( آپریشن) اصغر علی بھلی،ڈی ایم ڈی(انجینئرنگ)چوہدری آفتاب احمد ڈھلوں اور دیگر آپریشن کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر وائس چیئرمین نے ہدایت کی کہ گرمی کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیشِ نظر شہر میں نئے ٹیوب ویلوں اور جنریٹروں کی تنصیب کا جاری کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور ٹیوب ویلوں کے ساتھ موجود جنریٹروں کو ہروقت چالو حالت میں رکھا جائے۔جہاں پر جنریٹرز موجود نہیں وہاں پر جنریٹرز رینٹ پر حاصل کر کے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران ٹیوب ویل چلائے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واسا کے حکام کو ہدایت کی کہ گرمی کے موسم میں ٹیوب ویل 18گھنٹے تک لازمی چلائے جائیں تا کہ شہریوں کو پانی کی عدم دستیابی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ٹیوب ویلوں پر آپریٹرز کی حا ضری کو بھی یقینی بنایا جائے۔علاوہ ازیں وائس چیئرمین واسا نے یہ بھی ہدایت کی کہ آئندہ مُون سُون بارشوں سے پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ڈرینوں اور سیور لائنوں کی صفائی کے کام کو تیز کیا جائے جسکا کنسلٹنٹس سے سرٹیفکیٹ لیا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ کیا جانے والا کام تسلی بخش ہے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام ڈسپوزل اور لفٹ اسٹیشنوں پر نصب مشینری کی جانچ پڑتال کر لی جائے تاکہ بارشوں کہ دنوں میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔