ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے تعلیم کافروغ اورامن کاقیام ناگزیرہے ‘ نعیمین ایسوسی ایشن

پرامن معاشرے کے قیام کیلئے تحمل ،برداشت،اوررواداری کے کلچر کوفروغ دینا ہوگا‘ پروفیسر لیاقت علی صدیقی

ہفتہ 23 مئی 2015 21:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) پاکستان کی ترقی و خوشحالی امن اور تعلیم کے فروغ سے ہی وابستہ ہے،پرامن معاشرے کے قیام کیلئے تحمل ،برداشت،اوررواداری کے کلچر کوفروغ دینا ہوگا،علم کی روشنی سے دہشت گردی کے اندھیروں کو شکست دے کرہی امن کی فضاء کو قائم کیا جا سکتا ہے،مسلم معاشروں میں بڑھتی ہوئی بے حیائی اورجہالت کے خاتمے کیلئے علماء ومشائخ میدان عمل میں آئیں۔

ان خیالات کااظہارمرکزی صدرنعیمین ایسوسی ایشن پاکستان پروفیسر لیاقت علی صدیقی نے نعیمین سیکرٹریٹ میں ’’شہیدپاکستان کانفرنس‘‘کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مفتی حسیب قادری (خطیب جامعہ نعیمیہ)مفتی محمد انتخاب احمدنوری،پروفیسر وارث علی شاہین،مرکزی رابطہ سیکرٹری مولانا ابوالحسین فداحسین قادری،مفتی اعجاز احمد فریدی،حافظ محمدسلیم نعیمی،مفتی مسعودالرحمن نعیمی،مولانا صفدر حسین نعیمی سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مفتی انتخاب احمد نوری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت سے محبت کرنے والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ڈاکٹر سرفراز احمد نعیمی ؒشہید کے نظریہ محبت و امن کوعام کرنے کیلئے انفرادی اور اجتماعی کوششیں کرنا ہونگی ۔اجلاس میں شہیدپاکستان کانفرنس کی تیاریوں کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سعودی عرب میں مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :