Live Updates

عمران خان کا پارٹی الیکشن میں بے ضابطگیاں ثابت ہونے پر تمام عہدے ختم کرکے عبوری سیٹ اپ کا اعلان

چوہدری سرور پنجاب اور عارف علوی سندھ میں پارٹی کو منظم کریں گے ، یوسف ایوب خیبرپختونخوا اور ہمایوں جوگیزئی بلوچستان میں آرگنائزر ہوں گے، جوڈیشل کمیشن اس سال کارروائی مکمل کرے گا، کمیشن پر اعتماد ہے جو فیصلہ ہوا قبول کرینگے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا نہ ہونا بدقسمتی ہے، کرکٹ ٹیم کا سپر پاور سے نیچے آنا بھی تکلیف دہ ہے،پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 23 مئی 2015 20:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی الیکشن میں بے ضابطگیاں ثابت ہونے پر پارٹی کے تمام عہدے ختم کرتے ہوئے پارٹی کے عبوری سیٹ اپ کا اعلان کر دیا جس کے تحت چوہدری سرور پنجاب اور عارف علوی سندھ کو آرگنائز کریں گے جبکہ یوسف ایوب خیبرپختونخواہ اور ہمایوں جوگزئی بلوچستان میں آرگنائزر ہوں گے، جوڈیشل کمیشن اس سال کارروائی مکمل کرے گا، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا نہ ہونا بدقسمتی ہے، کرکٹ ٹیم کا سپر پاور سے نیچے آنا بھی تکلیف دہ ہے۔

وہ ہفتہ کو پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر) وجیہ الدین کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ہم نے پارٹی کے تمام عہدے ختم کر کے عبوری سیٹ اپ کا اعلان کیا ہے، جس میں سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور پنجاب اور ڈاکٹر عارف علوی سندھ میں تحریک انصاف کو آرگنائزر کریں گے جبکہ خیبرپختونخوا میں یوسف ایوب اور بلوچستان میں ظہور آغا آرگنائزر ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینٹرل میں ایک آرگنائزر اور ایک پولیٹیکل کمیٹی قائم کریں گے اور آئندہ ہفتے سنٹرل کے آرگنائزرکا اعلان بھی کروں گا۔ عمران خان نے کہا کہ یہ سب عہدے عارضی طور پر لا رہے ہیں اور پارٹی الیکشن میں یہ نگرانی سسٹم کے لوگ حصہ نہیں لیں گے اور جلد پارٹی الیکشن بھی کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن پر اعتماد ہے جو فیصلہ ہوا، منظور کریں گے، یہ سال الیکشن کا ہے ، امید ہے جوڈیشل کمیشن اس سال کاروائی مکمل کر ے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا نہ ہونا بدقسمتی تھی اور ٹیم کا سپر پاور سے نیچے آنا بھی تکلیف دہ ہے، اگر چیئرمین پی سی بی سفارشی ہو گا تو پھر ٹیم کا یہ ہی حال ہو گا، ہم پی سی بی کو اس سال ٹھیک کریں گے اور کرکٹ کے انفراسٹرکچر کی از سر نو تشکیل کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات