Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات ، باہمی دلچسپی ،سیاسی اموراور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی ہے ،پاک فوج کو شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، قومی لائحہ عمل کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،اس نازک وقت میں زیادہ اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے شہباز شریف کی جے یو آئی (ف) کے سربراہ اور منتخب نمائندوں سے گفتگو

ہفتہ 23 مئی 2015 20:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی ہے ،پاک فوج کو شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، قومی لائحہ عمل کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،اس نازک وقت میں زیادہ اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے ۔ وہ ہفتہ کو یہاں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ، ملاقا ت میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی معاملات اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اور ان حالات میں اتحاد و اتفاق کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے جس کے باعث قومی معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کیا جا رہا ہے اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے درست سمت میں مخلصانہ اور سنجیدہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک افواج کی جانب سے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر مثبت انداز سے عملدرآمد سے دہشت گردوں کو کاری ضرب لگائی گئی ہے اور قوم کے اتحاد و اتفاق کی قوت سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ کریں گے اور آئندہ نسلوں کو پرامن پاکستان دیں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی اور توانائی کی کمی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور حکومت ان مسائل سے نمٹنے کیلئے شب و روز مخلصانہ کاوشیں کر رہی ہے- ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے پوری قوم پرعزم ہے-وزیراعلی نے کہا کہ صوبے میں نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں کئے جانے والے اقدامات پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کو شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں- دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم متحد اور یکسو ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو مسائل سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات