صاحب ثروت لوگوں اور غیر سرکاری تنظیموںآ گے آئیں اور نادار اور ضرورت مندوں کی امداد کیلئے لائنز کلب جیسے فلاحی اداروں کی خدمات کی تقلید کریں، گورنرخیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان

ہفتہ 23 مئی 2015 20:17

اسلام آباد ۔ 23مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر سردار مہتاب احمد خان نے صاحب ثروت لوگوں اور غیر سرکاری تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ میدان میں آئیں اور نادار اور ضرورت مندوں کی امداد کیلئے لائنز کلب جیسے فلاحی اداروں کی خدمات کی تقلید کریں۔ وہ ہفتہ کو گورنر ہاوٴس پشاور میں انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف لائنز کلب کے ایک وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔

پاسٹ انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر نریش اگروال اور سابقہ فیڈرل منسٹر اور چیئرپرسن پی آئی ڈی نیلوفر بختیار بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ گورنر نے کہا کہ قدرتی آفات کے وقت متاثرہ افراد کو امداد کی شدید ضرورت ہوتی ہے اور وہ اس سلسلہ میں لائنز کلب کی جانب سے متاثرہ افراد کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات اور منصوبوں سے متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جتنی ضرورت آج کے معاشرے میں لائنز کلب جیسے لوگوں کی ہے شاید وہ پہلے کبھی رہی ہو۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی ناگہانی آفت آئی ہے لائنز کلب کے ممبران بھاری مالی پیکیجز کے ساتھ آفت زدہ علاقوں میں پہنچ چکے ہوتے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ پشاور کی تاریخی حیثیت بہت دلچسپ ہے اور لائنز کلب کی جانب سے پشاور کیلئے مختلف فلاحی منصوبوں کا عندیہ ایک حوصلہ افزاء اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کو مشکلات درپیش ہیں لیکن اب اس سمت میں کافی بہتری محسوس کی گئی ہے اور سٹیٹ مشینری بہتر طور پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات مثلاً زلزلہ، سیلاب، طوفان باد و باراں میں کوئی بھی حکومت اکیلے عوام کے تمام مسائل حل نہیں کر سکتی، جب تک معاشرے میں لائنز کلب جیسے سوشل ورکرز ان کی مدد کو نہ آئیں اور مصیبت میں گھرے افراد کی امداد نہ کریں۔ قبل ازین لائنز کلب کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر احمد شفیق نے کلب کے ممبران کا گورنر سردار مہتاب احمد خان سے تعارف کرایا اور کلب کی جانب سے پاکستان بھر میں اب تک مکمل کئے جانے والے رفاعی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔