صنعتکار حکومت کی توانائی بچت کوششوں میں تعاون کریں ،ملک یوسف اعوان

کم توانائی صرف کرنیوالے آلات اور مشینری کا استعمال بڑھانے سے لوڈشیڈنگ میں کمی اور صنعتی پیداوار بہتر بنانے میں مدد ملے گی آئیسکو مارکیٹوں میں بجلی کا نظام اور سٹریٹ لائٹس کو بہتر کرنے کیلئے کام کر رہی ہے ،سی ای او آئیسکو کا سیمینار سے خطاب تاجر برادری کی حکومت کو تعاون کی یقین دھانی

ہفتہ 23 مئی 2015 19:55

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء ) صنعتکار توانائی کا کم استعمال کرنے والے آلات و مشینری کا استعمال بڑھا کر حکومت کی توانائی بچت کوششوں میں تعاون کریں جس سے عوام اور صنعتوں کیلئے لوڈشیڈنگ میں کمی ہو گی اور صنعتی پیداوار کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ملک یوسف اعوان نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں توانائی بچت کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سیمینار کا انعقاد آئیسکو نے انرکان اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے کیا۔ تاجر و صنعتکار برادری کی ایک بڑی تعداد سیمینار میں موجود تھی ملک یوسف اعوان نے کہا کہ حکومت بجلی کی طلب و رسد میں خلا کو کم کرنے کیلئے سنجیدہ کرششیں کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں حکومت نے توانائی پیدا کرنے کے کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں جبکہ بجلی بچت کلچر کو بھی فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری ہیں تا کہ بجلی کے ضیائع کو کم سے کم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا صنعتی شعبہ تقریبا 38فیصد کمرشل بجلی استعمال کر رہا ہے اور یہ شعبہ بجلی کی بچت کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوششوں سے صنعتی شعبے میں فالتو بجلی کا استعمال کم ہو گا، صنعتوں کے بجلی بلوں میں نمایاں کمی آئے گی، صنعتی پیداوار بہتر ہو گی اور معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ آئیسکو مارکیٹوں میں بجلی کا نظام اور سٹریٹ لائٹس کو بہتر کرنے کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ تاجر برادری کے بجلی سے متعلقہ مسائل حل ہوں اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ توانائی بحران کی وجہ سے صنعت وتجارت کو بہت نقصان پہنچا ہے لہذا بجلی کی زیادہ سے زیادہ بچت کیلئے کوششیں تیز کی جائیں تا کہ صنعتوں کیلئے لوڈشیڈنگ کم ہونے سے ملکی پیداوار بہتر ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایل ای ڈی لائٹس سمیت بجلی کی بچت کرنے والی لائٹس اور دیگر سامان پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرے تا کہ عام آدمی ان لائٹس کا استعمال بڑھا سکے جس سے بجلی کی کافی بچت ہو گی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی مانگ میں سالانہ 8سے10فیصد اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پچھلے کئی سال سے بجلی پیدا کرنے کیلئے کوئی کوشش نہیں کی گئی جس وجہ سے بجلی کی طلب و رسد میں کافی گیپ پیدا ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس گیپ کو کم کرنے کا ایک بہتر طریقہ بجلی کی پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ بجلی بچت کلچر کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام میں بجلی کی بچت کی اہمیت کے بارے میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کیلئے ملک گیر مہم چلائے تا کہ عوام توانائی بچت میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری بجلی بچت کی کوششوں میں حکومت سے تعاون کرے گی تا کہ لوڈشیڈنگ کو کم کر کے قومی معیشت کو بہتر کیا جا سکے انرکان کے نمائندگان نے بجلی کی بچت کے طریقوں کے بارے میں شرکاء کو ایک تفصیلی پرزنٹیشن دی۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بچت طریقوں کو اپنا کر صنعتی شعبے میں کافی حد تک بجلی بچائی جا سکتی ہے جبکہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سالانہ اوسطا 25فیصد بجلی بچائی جا سکتی ہے جس سے قومی خزانے کو سالانہ 5ارب ڈالر کی بچت ہو گی انہوں نے کہا کہ صنعتکار اپنی صنعتوں میں نصب آلات و مشینری کا انرجی آڈٹ کرانے پر توجہ دیں جس سے بجلی کے ضیائع کو روکنے، بجلی بل کو کم کرنے اور صنعتی پیداوار کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن بل تیار کر لیا ہے جس کو امید ہے اس سال پارلیمنٹ میں منظوری کیلئے پیش کر دیا جائے گا تا کہ ملک میں توانائی بچت کوششوں کو قانونی تحفظ فراہم کیا جا سکے

متعلقہ عنوان :