ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی

فی تولہ سونا 47ہزار روپے سے کم ہوکر 46ہزارروپے کی سطح پر دوبارہ آگیا

ہفتہ 23 مئی 2015 19:17

ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء)عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 47ہزار روپے کی سطح سے گھٹ کر 46ہزارروپے کی سطح پر دوبارہ آگیا۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ پیر تا ہفتہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3سو روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ہفتے کے روز عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6ڈالر کی کمی سے1206ڈالر پر آگئی،جس کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا سستا ہوگیا۔

آل پاکستا ن سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز ملکی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 150روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد کراچی ،حیدرآباد،لاہور،ملتان ،فیصل آباد،راولپنڈی ، اسلام آباد اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 47ہزار روپے سے گھٹ کر 46ہزار850روپے ہوگئی ،اسی طرح 128روپے کی کمی سے 10گرام سونے کی قیمت40ہزار157روپے ہوگئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت میں 10روپے کی کمی ہوئی جس سے چاندی کی فی تولہ قیمت660روپے سے گھٹ کر 650روپے ہوگئی۔دوسری جانب ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ پیر تا ہفتہ عالمی صرافہ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 15ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد ملکیصرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 300روپے اور 10گرام سونے کی قیمت میں 257روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔