ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے تعاون سے دو روزہ پشاور ثمر فیسٹیول شروع

ہفتہ 23 مئی 2015 18:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء ) ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے دو روزہ پشاور ثمر فیسٹیول لیڈیز کلب میں رنگارنگ تقریب کیساتھ شروع ہو گیا۔جس کاباضابطہ افتتاح وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی صاحبزادی بشرہ عدنان خٹک نے کیا ۔ ان کے ہمراہ مس عائشہ خٹک ،ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس ، ٹوورازم اور امور نوجوانان نعیم اختر،منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان ،ڈپٹی کمشنر پشاورریاض خان محسود ،جنرل منیجر ایونٹس محمد علی سید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسامہ وڑائچ سمیت دیگر اہم شخصیات اور فیمیلز موجود تھیں۔

دو روزہ پشاور ثمر فیسٹیول کا افتتاح وزیراعلیٰ کی صاحبزادی بشرہ عدنان خٹک نے فیتہ کاٹ کر کئے جبکہ ساتھ ہی ہوا میں کبوتر اور غبارے چھوڑے گئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمان خصوصی نے مس عائشہ خٹک کے ہمراہ فیسٹیول میں لگے تمام سٹالز کا دورہ کیا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ پشاور کی عوام کیلئے ثمر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں 25مختلف سٹالز لگائے گئے جن میں روایتی کھانے ، فاسٹ فوڈ، دستکاری اشیاء ، ریڈی میڈ گارمنٹس اور ثقافتی سٹالز شامل ہیں۔

جبکہ فیسٹیول میں آئی ہوئی فیمیلز کو خوش آمدید کہنے کیلئے خٹک ڈانس، محسود ڈانس اور اتن کی پرفارمنس بھی پیش کی گئیں۔منیجنگ ڈائریکٹرٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ پشاور کی عوام کیلئے دہشت گردی سے متاثرہ شہر پشاور میں ثمر فیسٹیول کا انعقاد کیا جو کہ صوبہ کا تاریخی شہر بھی ہے ۔ صوبہ کے حالات کی وجہ سے یہاں کی خواتین اور عوام کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو گیا تھا تاہم ایسے میں فیسٹیول کاانعقاد ایک اہم قدم ہے جس میں خواتین اور فیمیلز کیلئے تفریح اور خواشگوار ماحول فراہم کرنا ہے ۔

ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس ، ٹوورازم ، آرکیالوجی اور امور نوجوانان نعیم اختر نے کہاکہ ہمارا مقصد صوبہ کا ایک اچھا تاثر دنیا میں پیش کرنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی عوام مہمان نواز، پرامن اور پیار کرنے والی ہے اور مغربی میڈیا کی جانب سے پختون کے خلاف غلط تاثر کو ختم کرنا ہے انہوں نے کہاکہ ٹوورازم کارپوریشن کے بہت سے پروگرام زیر غور ہیں جن میں ماہ جون میں کالام فیسٹیول اور اگست میں شندور پولو فیسٹیول شامل ہیں۔

پشاورثمر فیسٹیول کے افتتاحی روز گلوکار ذیک آفریدی ، ساکن بینڈ اور خماریان نے اپنی شاندار پرفارمنس کی بدولت عوام کو لطف اندوز کیا جبکہ ساتھ ہی فیسٹیول میں بچوں کیلئے فری پلے لینڈ جن میں جھولے اور مختلف اشیاء کھیل کود کیلئے سجائی گئی تھیں ۔ فیسٹیول میں ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فری انٹری فیمیلز کیلئے رکھی گئی ہے جس کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔

پشاورثمر فیسٹیول شام 4سے رات11بجے تک جاری رہے گا جس میں روایتی کھانوں کے سٹالز، دستکاری ، بچوں کیلئے پلے لینڈسمیت مختلف سٹالز لگائے گئے ہیں جن میں صوبہ کی ثقافت کو روشناس کرانے کیلئے مختلف اشیاء سجائی گئی ہیں۔جس کا مقصد آنے والی نسلوں کو اسکی ثقافت اور روایات سے متعلق آگاہی بھی دینا ہے ۔ ثمر فیسٹیول میں آئی ہوئی فیمیلز کیلئے پاکستان کے مختلف مقامی اورقومی گلوکاروں و فنکاروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے جس میں وہ میوزیک نائٹ میں اپنی موسیقی کی پرفارمنس پیش کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :