سابق وزیرداخلہ سندھ ڈاکٹرذوالفقار مرزا کیخلاف درخشاں تھانے میں تین نئے مقدمات قائم کردیئے گئے

ہفتہ 23 مئی 2015 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) سندھ کے سابق وزیرداخلہ ڈاکٹرذوالفقار مرزا کے خلاف درخشاں تھانے میں تین نئے مقدمات قائم کردیئے گئے ہیں ۔جبکہ ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیے جانے والے تینوں محافظوں کو عدالت نے 27 مئی تک پولیس تحویل میں دے دیاگیا ہے۔ ادھر سندھ ہائیکورٹ نے ذوالفقار مرزا کی درخواست پر آئی جی سند ھ سمیت دیگر سے 26 تاریخ تک جواب طلب کر لیا ہے جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت تک ذوالفقار مرزا کو گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

ہفتہ کو پولیس نے ذوالفقار مرزا کی رہائش گاہ سے گرفتار کیئے گئے ان کے 3 ساتھیوں کو بھاری سیکیورٹی میں انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔ ملزم نیک محمد، ابراہیم اور سکندر کو جمعہ کے روزذوالفقار مرزا کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے تینوں ملزمان کو 27مئی تک پولیس کی تحویل میں دیدیاہے۔ گرفتار ملزمان کے بیانات پردرخشاں تھانے میں تین نئے مقدمات قائم کئے گئے ہیں۔

درج کیے گئے نئے مقدمات میں کہا گیا ہے کہ ذوالفقار مرزا لیاری گینگ وار کی سرپرستی کرتے ہیں ۔مقدمات میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ملزموں میں ذوالفقار مرزا کا نام بھی شامل ہے۔ادھر سندھ ہائی کورٹ نے ذوالفقار مرزا کے وکلا کی جانب سے دائر کردہ درخواست پرآئی جی سندھ، سیکرٹری داخلہ، ایڈوکیٹ جنرل سندھ سے 26مئی تک جواب طلب کرتے ہوئے،آئندہ سماعت تک ذوالفقار مرزا کو گرفتار نہ کیا جائے کاحکم بھی جاری کردیا ہے۔