کراچی کی دیواروں سے نفرت انگیز نعرے مٹانے کی مہم کا آغازکردیا گیا

فنکار شوخ رنگوں ،تصاویر سے شہر کی دیواروں کو پھول پتیوں اور خوبصورت مناظر سے سجا دیں گے

ہفتہ 23 مئی 2015 18:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) شہرقائدکی دیواروں پر نفرت انگیز نعرے اور عوامی اشتہارات مٹانے کے لیے مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ کراچی کے فنکاروں نے شہر کو سنوارنے کی ٹھان لی ہے ۔ شہر کراچی کی دیواریں جو کچھ عرصے پہلے تک نفرت آمیز مواد ، سیاسی نعروں اور اشتہارات کا بوجھ اٹھائے کھڑی تھیں ، اب شوخ رنگوں ، آرٹ اور امن کی زبان بولنے لگی ہیں ۔

شہر کی مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور فری لانس فنکاروں نے’’میں کراچی ہوں پراجیکٹ ‘‘کے تحت انہیں خوبصورت بنانے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے ۔ دیواروں پر پھول پتیاں ، ٹرک آرٹ ، سٹینسلز اور سینریاں بنائی گئی ہیں جبکہ پبلک مسیجز اور کراچی سے محبت کا اظہار بھی کیا گیا ہے ۔ فنکاروں کی انتھک محنت نے ان دیواروں کو چار چاند لگا دئے ہیں ۔

(جاری ہے)

شہری ان دیواروں کو دیکھنے کے لئے ٹھہر جاتے ہیں اور ان کے ساتھ تصاویر بنوا کر تعریفیں کرتے نہیں تھکتے ، لیکن کسی نے گٹکا کھا کر تھوکنے کا شوق یہاں بھی پورا کر ڈالا جس سے فنکاروں کو مایوسی تو ہوئی لیکن انہوں نے پھر بھی ہمت نہ ہارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امن کا پیغام پھیلاتے اور امن ومحبت کے رنگ بکھیرتے ان فنکاروں کو شرپسندانہ سوچ سے بچانے کے لئے انہیں متعلقہ تھانے کی جانب سے سیکیورٹی بھی فراہم کی گئی ہے ۔ پہلے مرحلے میں ایم ٹی خان روڈ کی دیواروں کا نقشہ سنوارنے کے بعد دوسرے مرحلے میں ائیرپورٹ اور اطراف کی دیواریں نکھاری جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :