اگر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق حلقہ این اے 122 لاہور سے نااہل قرار دے دیئے گئے تو پارلیمنٹ پرکوئی فرق نہیں پڑے گا؛ سینئر وکلاء

ہفتہ 23 مئی 2015 17:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) سپریم کورٹ اور اسلام آ باد کے سینئر وکلاء نے کہا ہے کہ اگر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق حلقہ این اے 122 لاہور سے نااہل قرار دے دیئے جاتے ہیں تو پارلیمنٹ اور اسمبلی پر اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ سپریم کورٹ کے وکیل احسن الدین شیخ کا کہنا تھا کہ نااہلی کی صورت میں سپیکر قومی اسمبلی کے پاس سپریم کورٹ میں اپیل کرنے کا حق حاصل ہے اس صورت میں انہیں حکم امتناعی مل سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجہ علیم خان عباسی کا کہنا تھا کہ نااہلی کی صورت میں اسمبلی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ ڈپٹی سپیکر قائم مقام سپیکر بن جائیں گے اور سپیکر کے عہدے کیلئے دوبارہ انتخاب کیا جائے گا اسلام آبادبار کونسل کے ممبر ایڈووکیٹ شعیب شاہین کا کہنا ہے کہ نااہل قرار دینے کی صورت میں حلقہ این اے 122 پر ضمنی انتخابات ہوں گے اسمبلی کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ شہداء فاؤنڈیشن کے سینئر وکیل طارق اسد نے کہا کہ نااہلی کی صورت میں صرف حلقہ این اے 122پر ہی دوبارہ الیکشن ہوگا جب کہ نئے سپیکر کیلئے اسمبلی ممبران دوبارہ ووٹنگ کریں گے ۔