کمشنر کراچی کا ایم ڈی واٹر بورڈ کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ

عوامی ٹنکیوں کے ذریعے پانی کی فراہمی کے انتظامات کا معائنہ کیا

ہفتہ 23 مئی 2015 17:40

کراچی ۔ 23 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) نارتھ ایسٹ (این ای) کراچی پمپنگ اسٹیشن پر خراب پمپس کی مرمت کا کام مکمل ہو گیا ہے، این ای کے پمپنگ اسٹیشن سے 95 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، اس سے ضلع غربی اور نارتھ کراچی میں پانی کی فراہمی بہتر ہو جائے گی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس میں واٹر بورڈ کے افسران نے بتائی۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ واٹر بورڈ کے انجینئرز کو چاہئے کہ وہ تمام پمپنگ اسٹیشنوں کی بہتر دیکھ بھال کریں، اگر کسی بھی پرزہ کی خرابی کا احتمال ہو تو اس کو ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرائیں تاکہ پمپس مسلسل چلتے رہیں اور پمپس کی خرابی کی وجہ سے پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی کی فراہمی بہتر رکھنے کے لئے اور لوگوں کی پانی کی شکایات کے ازالے کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز متعلقہ انجینئرز کے ساتھ اور کمیونٹی کے لوگوں کے ساتھ رابطہ رکھیں گے، جہاں پانی کی لائنوں کے ذریعے فراہم نہیں کیا جا سکے وہاں ٹینکروں کے ذریعے فراہم کیا جائے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے کمشنر کراچی کے دفتر میں روزانہ ڈپٹی کمشنرز اور چیف انجیئرز اجلاس کریں گے، روزانہ کی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور روزانہ کی ضروریات کے مطابق بہتری کے لئے اقدامات کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماہ رمضان میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے گا اور مینجمنٹ کو بہتر بنایا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پانی کی فراہمی کی صورتحال بہتر مینجمنٹ کے اقدامات سے بہتر ہو رہی ہے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ پانی کی فراہمی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر سید ہاشم رضا کے ہمراہ ضلع غربی میں پانی سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

ان علاقوں میں انہوں نے ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی کے انتظامات دیکھے اور انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر ضلع غربی محمد علی شاہ، علاقہ چیف انجینئر اویس ملک اور علاقہ اسسٹنٹ کمشنر حشام مظفر بھی موجود تھے۔ ایم ڈی واٹر بورڈ نے کمشنر کو بتایا کہ پمپنگ اسٹیشن پوری طرح فعال ہو گیا ہے، 25 ملین گیلن پانی روزانہ کا اضافہ ہوا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات نے شہر میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لئے ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں۔

انہوں نے پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لئے ترجیحی اقدامات کرنے کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، پانی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں پریشر کی کمی ہے یا لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی نہیں ہو رہی ہے، ان علاقوں میں عوامی ٹینکوں پر مفت ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کرکے لوگوں کو پانی فراہم کیا جائے۔ کمشنر کراچی نے ضلع غربی کے دورے کے دوران اورنگی، اتحاد ٹاوٴن، صا دق آباد اسٹیڈیم، بیوہ کالونی اور دیگر علاقوں میں عوامی ٹینکوں کے ذریعہ پانی کی فراہمی کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :