سرکاری وسائل کے تحت چلنے والے عوامی بہبود کے اداروں کی فعالی کیلئے بھی ایف سی اپنی خدمات کا تسلسل جاری رکھے گی، میڈیا سے وابستہ دوست تحقیقی رپورٹنگ پر بھی توجہ دیں، ایف سی کے تحت عوام کی بہبود کیلئے ہونے والے اقدامات سے عملی آگاہی کیلئے میڈیا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ تحقیقی رپورٹنگ کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کریں

ایف سی ان منصوبوں تک رسائی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ڈپٹی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان بریگیڈیئر طاہر محمود کی ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء“ سے بات چیت

ہفتہ 23 مئی 2015 17:31

کوئٹہ۔23مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان بریگیڈیئر طاہر محمود نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بحالی امن کیلئے کوششوں کے ساتھ ساتھ ایف سی عوامی بہبود کے منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے، معاشی و اقتصادی سرگرمیوں میں تحفظ کی فراہمی اور معاونت کے باعث مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ بنیادی سہولیات بھی میسر آ رہی ہے، میڈیا تنقید برائے اصلاح کا عمل اپنائے خوش آمدید کہیں گے اور اصلاحی تنقید کی روشنی میں اقدامات کو مزید بہتر کریں گے۔

”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء“ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر محمود نے کہا کہ عوام میں شعور و آگاہی کیلئے غیر جانبدار میڈیا کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے وابستہ دوست تحقیقی رپورٹنگ پر بھی توجہ دیں اور کسی بھی طرح کے دعوؤں کی تصدیق کا عملی جائزہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈیر بگٹی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں سرکاری تعلیمی اداروں کی غیر فعالی کی اطلاعات ہیں جبکہ پینے کے صاف پانی اورصحت کی سہولیات بھی ادارتی غیر فعالی کے باعث ناپید ہیں۔

سرکاری وسائل کے تحت چلنے والے عوامی بہبود کے اداروں کی فعالی کیلئے بھی ایف سی اپنی خدمات کا تسلسل جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایف سی اور صوبائی حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے بحالی امن کیلئے ہونے والی کوششیں بار آور ثابت ہو رہی ہیں اورصوبے میں مختلف کامیاب کارروائیاں کرکے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو خاک میں ملا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کے تحت عوام کی بہبود کیلئے ہونے والے اقدامات سے عملی آگاہی کیلئے میڈیا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ تحقیقی رپورٹنگ کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کریں اس ضمن میں ایف سی ان منصوبوں تک رسائی کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :