دارالحکومت کے مکینوں کو معیاری اشیاء خورد و نوش کی فراہمی کیلئے سی ڈی اے بائی لاز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم تیز کرنے کی ہدایت

ہفتہ 23 مئی 2015 17:30

اسلام آباد ۔ 23مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کے ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد نے ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کو تاکید کی ہے کہ دارالحکومت کے شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں مطابق صاف ستھری اور معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو ممکن بنانے کیلئے سی ڈی اے بائی لاز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم کو تیز کریں۔

یہ ہدایات انہوں نے شہریوں کی شکایات کے پیش نظر جاری کی ہیں۔ سی ڈی اے ترجمان کے مطابق ممبر ایڈمنسٹریشن و اسٹیٹ عامر علی احمد کی ہدایت پر پہلے ہی سی ڈی اے کے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ نے فوڈ انسپکٹرز کی سربراہی میں دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں تاہم اب اس مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ماسم گرما کے دوران غیر معیاری اشیاء خورونوش کے استعمال سے پھیلنے والی بیماریوں کا تدارک کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ سی ڈی اے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کی خصوصی ٹیموں نے گزشتہ ماہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں خصوصی مہم کے دوران خلاف ورزی کرنے والوں کو109 نوٹس اور 71 چالان جاری کئے جبکہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے کھانے پینے کی اشیاء کے 28 نمونے بھی اکٹھے کئے ۔ ان ٹیموں نے ایف ایٹ مرکز اور سیکٹر آئی ٹین ون میں واقع دو ریستورانوں اور فیض آباد کے قریب سیکٹر آئی ایٹ فورمیں واقع ایک بیکری کو جزوی طور پر سر بمہر کیا جبکہ 14لیٹر غیر معیاری کیچپ، 52 لیٹر غیر معیاری سوفٹ ڈرنکس، گٹکے کے 47 پیکٹس اور 104 غیر معیاری برتن بھی ضبط کر کے تلف کر دیا اور یہ مہم تسلسل سے جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد میں غیر معیاری، ملاوٹ شدہ اور حفظان صحت کے اصولوں کے منافی اشیاء خوردونوش کے سدباب کیلئے جاری خصوصی آپریشن کو مزید تیزکرنے کیلئے کارروائیاں شروع کر دی ہیں جس کے تحت نہ صرف سی ڈی اے کے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نوٹس دیئے جائیں گے بلکہ خلاف ورزی کے عادی افراد کے چالان اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو صاف ستھری، معیاری اور حفضان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :