ملتان میں کلاس روم کی چھت گرنے سے 39 بچے ،ٹیچر زخمی

ہفتہ 23 مئی 2015 17:24

ملتان۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) شہر کے نواح میں واقع بستی علی والا میں واقع ایک پرائیویٹ سکول کے کلاس روم کی چھت گرنے سے 39بچے اور ایک ٹیچرزخمی ہوگئی۔ریسکیو1122کے ترجمان عبدالجبار نے بتایا کہ سکول کے کمرہ کی باہروالی سائڈ پر دکانیں تعمیر کی جارہی تھیں کہ اچانک کلاس روم کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں کلاس روم میں موجود ٹیچر اور بچے اس کے نیچے دب گئے۔

ریسکیو1122نے فوری طورپر موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو ٹیم نے 33بچوں کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کرکے انہیں فارغ کردیا جبکہ چھ شدید زخمی بچوں کو فوری طورپر نشترہسپتال منتقل کردیاگیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی بچوں کے والدین اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے جبکہ علاقے کی پولیس نے سکول مالک کو حراست میں لے لیا۔نومنتخب ایم پی اے رانا محمودالحسن نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کی نگرانی کی اورکہاکہ اس حادثے کی مکمل انکوائری کی جائے گی۔ای ڈی او ایجوکیشن ملتان اشفاق گجر نے بتایا کہ اگرحادثہ میں سکول مالک کی غلطی ثابت ہوگئی تو نہ صرف اس کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے بلکہ سکول رجسٹریشن بھی منسوخ کردی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :