تھرپارکر کے عوام کی جدید سہولتوں تک رسائی ان کا بنیادی حق ہے‘ احسان اللہ وقاص

ہفتہ 23 مئی 2015 16:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) تھرپارکر پسماندہ ہے‘ وہاں کے لوگوں کی زندگیاں مشکلات کا شکار ہیں‘ الخدمت فاؤنڈیشن اپنے کاموں کے دائرے کو مزید وسعت دے گی تاکہ وہاں مختلف پراجیکٹس کے ذریعے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر احسان اللہ وقاص نے گزشتہ روز سندھ ریجن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں الخدمت سندھ کے صدر ڈاکٹر سید تبسم جعفری اور نیشنل ڈائریکٹر کلین واٹر راشد داؤد ودیگر ذمہ داران شریک تھے۔ احسان اللہ وقاص کو سندھ میں جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس پر انہوں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیا‘ احسان اللہ وقاص نے سندھ ریجن کے تحت تھرپارکر میں جاری منصوبوں کو مزید منظم بنانے اور جاری منصوبے مجوزہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تھرپارکر میں پانی‘ صحت‘ خوراک اور روزگار بنیادی مسائل ہیں جن کے حل کے لیے الخدمت کام کر رہی ہے‘ انہوں نے کہا تھرپارکر میں الخدمت کے تحت صحت‘ تعلیم اور روزگار کے منصوبے منظم انداز میں کام کر رہے ہیں اور لوگوں کی بڑی تعداد ان منصوبوں سے استفادہ کر رہی ہے۔ جدید سہولتوں تک رسائی تھر کے عوام کا بنیادی حق ہے اور یہ حق فراہم کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے الخدمت فاؤنڈیشن رضا الٰہی کے لیے تھر میں کام کررہی ہے‘ انہوں نے مٹھی میں مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر اسپتال کو وہاں کے عوام کے لیے تحفہ قرار دیا اور کہا کہ لوگوں کو اسپتال کے قیام سے جدید سہولتیں میسر آئیں گی۔

ڈاکٹر سید تبسم جعفری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ الخدمت سندھ ریجن تھرپارکر میں تمام کام منظم انداز میں جاری رکھے گی۔