مہذب معاشرے کے قیام میں خواتین کا کردار بہت اہم ہے‘برجیس طاہر

ہفتہ 23 مئی 2015 16:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) گلگت بلتستان کے گورنر اور وفاقی وزیر برائے کشمیر آفیئرز چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ خواتین آج زندگی کے ہر شعبہ میں مصروف عمل ہیں لہٰذا خواتین کسی صورت بھی مردوں سے پیچھے نہیں ہیں۔ ملکی ترقی میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ اسی لیے ایک مہذب معاشرے کے قیام میں پڑھی لکھی خواتین کا بہت اہم کردار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ کالج فارویمن گلبرگ کی پوزیشن ہولڈرز طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقسیم ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت قوموں کا حسن ہوا کرتا ہے اور تیسری دنیاکے ممالک میں اس حسن کو برقرار رکھنے کیلئے بہت سی قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔ پاکستان میں جمہوریت کی بقاء کیلئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے بہت قربانیاں دیں لیکن اس کے برعکس پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے دھرنے سیاست کے ذریعے قوم کا بہت وقت ضائع کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان دھرنا سیاست کی بھینٹ نہ چڑھتے تو آج ہونیوالی اربوں ڈالر کی چینی سرمایہ کاری کئی ماہ پہلے ہوچکی ہوتی۔ برجیس طاہر نے کہا کہ کشمیر کے امور میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔ اس مسئلہ پرکوئی بھی فیصلہ کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سمیت ملکی اداروں کے درمیان اتفاق رائے پایا جانا ضروری ہوتا ہے تاہم کشمیر سے متعلق معاملات1947ء کے قانون کے مطابق ہی چل رہے ہیں۔ تقریب میں گورنر گلگت بلتستان اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے گورنمنٹ کالج فار ویمن گلبرگ کی مختلف امتحانات کی پوزیشن ہولڈرز طالبات میں ایوارڈز تقسیم کیے ۔ تقریب میں طالبات سمیت کالج کی لیکچرارز ‘ ‘ پروفیسرز ‘اسسٹنٹ پروفیسرز اور پرنسپل نے شرکت کی