شجاع آباد میں رخصتی سے چند منٹ قبل دلہن کو قتل کر دیا گیا

ہفتہ 23 مئی 2015 16:41

شجاع آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) شجاع آباد کے علاقہ خالق ٹاوٴن میں رخصتی سے چند منٹ قبل دلہن اپنے پھوپھی زاد کے ہاتھوں قتل ہو گئی۔ملزم لوڈشیڈنگ کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ، اٹھارہ سالہ نسرین کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ خالق ٹاوٴن کی رہائشی اٹھارہ سالہ نسرین کا نکاح والدین کی مرضی کے مطابق یاسر نامی نوجوان سے ہوا اس کے بعد مہمانوں کو کھانا کھلایا گیا۔

(جاری ہے)

نسرین کی رخصتی ہونے والی تھی کہ لائٹ چلی گئی ، لائٹ جانے کے تھوڑی دیر بعد شور ہوا تو دلہن کے گھر والوں اور باراتیوں نے دیکھا تو دلہن نسرین خون میں لت پت پڑی ہے ، اسے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ نسرین دم توڑ گئی ، موقع پر موجود خواتین نے بتایا کہ دلہن نسرین کے پھوپھی زاد قاسم نے چھریوں کے وار کر کے نسرین کو قتل کیا ہے۔ قتل کی وجہ ابھی تک سامنے نہیں آسکی ، لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کی گئی اور پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :