اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات کے دوران شہید ہونے والے 5 پاکستانی فوجیوں کو اعزاز دینے کی تقریب 29 مئی کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہوگی

ہفتہ 23 مئی 2015 16:15

اقوام متحدہ ۔23مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) دارفر، لائیبریا اور وسطی افریقی جمہوریہ میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام امن مشنز کے تحت خدمات کے دوران شہید ہونے والے 5پاکستانی فوجیوں کو اعزاز دینے کی تقریب 29مئی کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر نیو یارک میں ہوگی۔ اس موقع پر دنیا کے دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے کل ایک سو سے زادیہ سیکورٹی اہلکاروں کو بعد از مرگ اعزازات دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی سیکیورٹی اہلکاروں میں دارفر میں تعیناتی کے دوران شہید ہونے والے لانس نائیک ابرار محمود اور نائب صوبیدار سلیم اختر لائیبریا میں شہید ہونے والے سپاہی نذر عباس اور لانس حوالدار غلام بنی اور وسطی افریقی جمہوریہ میں شہید ہونے والے سپاہی فہد افتخار شامل ہیں ۔ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر سے جاری بیان کے مطابق یہ تقریب اقوام متحدہ کے امن دستوں کے ارکان کے عالمی دن کے موقع پر ہوگی۔ واضح رہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کیلئے افرادی قوت فراہم کرنے والا دوسرابڑا ملک ہے ۔ اس وقت 8 ہزار ایک سو پاکستانی سیکیورٹی اہلکار دنیا کے مختلف حصوں میں عالمی امن مشنز کے تحت خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :