ڈاکٹرذوالفقار مرزا کے وکلا نے تحفظ کیلئے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو درخواست دائر کردی

ہفتہ 23 مئی 2015 16:02

کراچی/بدین(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو درخواست جمع کرادی ہے۔ دوسری طرف بدین سیشن کورٹ نے ذوالفقار مرزا سمیت ان کے ساتھیوں کی ضمانت میں 2جون تک توسیع کر دی ہے۔ ہفتہ کو ذوالفقار مرزا کے وکلا نے تحفظ کے لئے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو درخواست دائرکی ہے۔

درخواست میں موقف اختیارکیا گیاہے کہ ان کے گھر سے عدالت تک پولیس کمانڈوز تعینات ہیں اور انھیں عدالت میں پیش ہونے سے روکا جارہا ہے۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں لیکن پولیس انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہے انھیں عدالت حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ دوسری طرف بدین میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور ان کے ساتھیوں کی عبوری ضمانت میں 2 جون تک توسیع کردی ہے ۔

(جاری ہے)

ذوالفقارمرزا اور ان کے حامیوں پر ہنگامہ آرائی ،توڑ پھوڑ اور دیگر الزامات کے تحت بدین کے مختلف تھانوں میں دس مقدمات درج ہیں ۔ان مقدمات میں عبوری ضمانت ہفتہ کو ختم ہوگئی تھی۔ مقامی عدالت میں ذوالفقارمرزاکے وکلا کی ٹیم نے ضمانت میں توسیع کی درخواست دی تھی۔دوسری جانب گولارچی میں ذوالفقارمرزا کے حامی کراچی میں مرزا کے گارڈ اور ڈرائیور کی گرفتاری کے خلاف دی جانے والی ہڑتال کی کال پر زبردستی دکانیں بند کراتے رہے جبکہ پولیس کی موجودگی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار شہر میں ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے جس سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

دوسری جانب گولارچی میں ذوالفقارمرزا کے حامی کراچی میں مرزا کے گارڈ اور ڈرائیور کی گرفتاری کے خلاف دی جانے والی ہڑتال کی کال پر زبردستی دکانیں بند کراتے رہے جبکہ پولیس کی موجودگی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار شہر میں ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے جس سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔