مسلم لیگ ن نے اقتدار کے حصول کیلئے عوام کو دھوکہ دیا ہے،سید خورشید شاہ

ہفتہ 23 مئی 2015 16:01

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے اقتدار کے حصول کے لئے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ ن لیگ نے بجلی بحران کے خاتمے کا وعدہ کرکے ووٹ لیے ،آج اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈشیدنگ کی جارہی ہے ، جو لوگ پی پی دور میں لاہور میں کیمپ لگا کر ہاتھ والا پنکھا چلا رہے تھے وہ آج کہاں ہیں؟۔

بجلی کا بحران نواز حکومت کو لے ڈوبے گا، لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں اگر نواز شریف اور رانا ثنا اللہ کو بری کردیا گیا ہے تو عدالتیں ابھی بھی موجود ہیں، قادری صاحب کو چاہئے کہ رپورٹ کورٹ میں چیلنج کریں۔ سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیدخورشید شاہ نے کہاکہ جوڈیشل کمیشن نے ماڈل ٹاؤن واقعے کی انکوائری کے بعد نوازشریف اور شہباز شریف کو بری کیا ہے تو طاہر القادری عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک میں بجلی کا بحران خطرناک صورتحال اختیار کرگیا ہے۔شہروں میں 12سے 18گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ہمارے دور حکومت میں بجلی کی لودشیڈنگ اتنی نہیں تھی۔پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں میڈیا نے بجلی کے مسئلے کو ایسے اٹھایا کہ جیسے ملک میں اس سے بڑا کوئی مسئلہ ہے ہی نہیں پھر آج بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ پر میڈیا کیوں خاموش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 24گھنٹے، 3 ماہ اور 6 چھ ماہ میں بجلی بحران کا خاتمہ کرنے کا دعوی کرنے والے حکمران اب عوام کو جواب دیں۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا کام ہے احتجاج کرنا عوامی مسائل کو سامنے رکھنا ہے، جیسا اب ہو رہا ہے، اس وقت سچ بات یہ ہے گورنمنٹ نے آفیشل اشوز کو اٹھایا ہے یقین دلایا ہے کہ میں آپ کے ساتھ بیٹھوں گا اور دوسرا یہ کہ بجٹ آرہا ہے مہنگائی ہے بجلی کا بحران خطرناک بن چکا ہے مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ جب ہمارا وقت تھا یہی ایک برا مسئلہ تھا، جس طریقے سے میڈیا نے بجلی بحران کو اٹھایا میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کا مسئلہ ہی یہ تھا اب میڈیا خاموش سوئی ہوئی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارے دور سے پچاس فیصد زیادہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، شہروں میں بارہ سے اٹھارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے باعث شہری عذاب کی زندگی گذار رہے ہیں لوگ تڑپ رہے ہیں۔نواز حکومت نے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی یقین دہانی پر عوام سے ووٹ لئے لیکن لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سمیت عوام سے کئے ہوئے کئی وعدے پورے نہیں کئے۔انھوں نے کہا کہ نوا ز حکومت اب بجلی کے بحران سے نمٹنے کے لئے تین سال کا وقت مانگ رہی ہے، انھوں نے چوبیس گھنٹے کے اندر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا کہ کر لوگوں سے دھوکہ کیا ہے اقتدار لینے کے لئے اب عوام ہی فیصلہ کریگی۔

متعلقہ عنوان :