فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے وکلاء کی ہڑتال

ہفتہ 23 مئی 2015 14:54

فیصل آباد ۔23 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کی اپیل پر فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے وکلاء نے ہفتہ کو دوسرے روزبھی مکمل احتجاجی ہڑتال کی اورعدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیا جبکہ کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔ ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ جب تک فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ کے بینچ کا قیام عمل میں نہیں آ جاتا اس وقت تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

یہا ں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ فیصل آباد کے وکلاء کئی سالوں سے اپنا احتجاج اور ہفتہ میں دو روز جمعہ و ہفتہ کو مکمل ہڑتال کا سلسلہ جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں لیکن متعلقہ ارباب اختیار کی جانب سے اس ضمن میں تاحال کوئی سنجیدہ اقدامات نہ کئے جا رہے ہیں جس کے باعث جمعہ اور ہفتہ کو ہزارو ں سائلان کو اپنے مقدمات کے سلسلہ میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ خود عدالتوں میں پیش ہو کر نئی تاریخیں حاصل کرتے ہیں جس سے انصاف کی بروقت فراہمی کا عمل بھی متاثر ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :