25سالوں سے مہاجرین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں‘چوہدری منظور احمد

ہفتہ 23 مئی 2015 13:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے نائب صدر چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ مہاجرین جموں و کشمیر نے تحریک آزادی کشمیر اور تکمیل پاکستان کیلئے ہجرت کی۔25سالوں سے مہاجرین کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لے کر مہاجرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہیے۔ جن لوگوں نے اپنا آج آنیوالے کل پر قربان کیا انہیں تنہا نہ چھوڑاجائے۔

مہاجرین کے جملہ مسائل کو حل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکل رہے ہیں یہ حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے مانک پیاں کیمپ میں مہاجرین کے گزارہ الاؤنس میں اضافے کا اعلان کیا‘ ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کے علاوہ تعلیم اور صحت کی سہولیات کا اعلان بھی کیا مگر عملدرآمد نہ کروایا جاسکاجو لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

ممبران اسمبلی اپنی تنخواہوں میں اضافے کا بل پاس کروا سکتے ہیں تو ان کے مسائل کا حل کیوں نہیں نکال سکتے۔ شدید گرمی کے باعث مہاجرین مختلف خیمہ بستیوں میں آباد ہیں جہاں صحت وتعلیم کی سہولیات تک میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فی الفور مہاجرین کے مسائل حل کرے بصورت دیگر مہاجرین کے احتجاج میں مسلم لیگ ن بھرپور شرکت کریگی۔