لاہور سمیت مختلف شہروں میں قتل کے تین مجرموں کو پھانسی دے دی گئی

ہفتہ 23 مئی 2015 11:26

لاہور / فیصل آباد/ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 مئی۔2015ء) لاہور سمیت پنجاب میں قتل کے تین مجرموں کو پھانسی دے دی گئی ، فیصل آباد میں صلح نامہ پیش کرنے پر ایک مجرم کی پھانسی پر عملدرٓمد آخری لمحے روک دیا گیا،پھانسی کے وقت جیلوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ،پھانسی پانے والے مجرموں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی،سانحہ پشاور کے بعد سے اب تک سزائے موت کے 100 سے زائد قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکایا جاچکا ہے ۔

ہفتہ کو میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں دوہرے قتل کے مجرم کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔اس سے پہلے مجرم کی اہلخانہ سے آخری ملاقات کروا گئی، مجرم محمد عرفان نے 1991ء میں ساندہ کے علاقے میں دو افراد کو قتل کیا تھا۔قتل کے مجرم کو 2012ء میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا اور گزشتہ دنوں اس کے ڈیت وارنٹ جاری کئے تھے۔

(جاری ہے)

پھانسی دیے جانے کے بعد میت ورثاء کے حوالے کردی گئی۔سینٹرل جیل ملتان میں قید قتل کے مجرم عبدالغفار کو پھانسی دے دی گئی۔مجرم نے 1999ء میں بیوی سمیت تین افراد کو مظفر گڑھ کے علاقے میں قتل کیا تھا۔ساہیوال کی سینٹرل جیل میں قید سزائے موت کے منتظر وزیر نامی مجرم کو پھانسی دے دی گئی ۔وزیر نے 1991ء میں راجن پور میں گھریلو رنجش پر ایک شخص کو قتل کردیا تھا ۔ پھانسی پانے والے مجرموں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ۔ دوسری طرف فیصل آباد جیل میں ورثا کی جانب سے صلح نامہ پیش کرنے پر سلیم نامی قیدی کی پھانسی پر عملدرآمد آخری لمحے روک دیا گیا۔واضح رہے کہ سانحہ پشاور کے بعد سے اب تک سزائے موت کے 100 سے زائد قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکایا جاچکا ہے جن میں دہشت گرد بھی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :