وزیراعلیٰ پنجاب کی سعودی عرب کی مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس

میں، پنجاب حکومت اور عوام جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،شہبازشریف

جمعہ 22 مئی 2015 22:24

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے مشرقی صوبے قطیف کی مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے مذمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مسجد میں دھماکے کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر دلی دکھ ہوا ہے۔ میں، پنجاب حکومت اور عوام جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ لوگوں کو مارنے والے انسان تو کیا مسلمان بھی کہلانے کے حقدار نہیں۔ پاکستان کے عوام مشکل کی گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔