شہید بچو اور بچیو، ہم تمہیں بھولے نہ قاتلوں کی پھانسی تک چین سے بیٹھیں گے‘ڈاکٹر طاہر القادری

مظلوموں کیلئے آواز بلند کرنے پر اینکر پرسنز ،سول سوسائٹی، پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن کا شکر گزار ہوں حکومتی جے آئی ٹی نے ڈھٹائی سے حقائق مسخ کئے اور انصاف کا جنازہ نکالا ‘مشاورتی اجلاس سے خطاب

جمعہ 22 مئی 2015 22:05

شہید بچو اور بچیو، ہم تمہیں بھولے نہ قاتلوں کی پھانسی تک چین سے بیٹھیں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ شہدا کا خون اتنا سستا نہیں کہ قاتلوں کی بنائی جے آئی ٹی اس پر مٹی ڈال سکے ،حکومتی جے آئی ٹی نے ڈھٹائی سے حقائق مسخ کئے اور انصاف کا جنازہ نکالا،مظلوموں کیلئے آواز بلند کرنے پر اینکر پرسنز ،سول سوسائٹی،ہم خیال جماعتوں کے سربراہان اور بالخصوص پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن کا مشکور ہوں جنہوں نے قتل و غارت گری اور ظالم حکمرانوں کے خلاف واک آؤٹ کیا ۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتی جے آئی ٹی نے جس ڈھٹائی کے ساتھ منصوبہ سازوں اور اصل قاتلوں کو کلین چٹ دی وہ شرمناک اور قابل مذمت ہے ۔

(جاری ہے)

جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی کاپی حاصل کرنے کیلئے تین ماہ سے عدالت میں ہیں اور ایک سنیئر جج کی مرتب کردہ رپورٹ کی کاپی بھی نہیں دی جا رہی سوالات کرنے والے بتائیں کہ انصاف کے کس دروازے پر دستک دیں؟انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج کا حق استعمال کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم کے خلاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے پاکستان بھر کے کارکنان کو ہدایت کرتا ہوں کہ وہ پروگرام کے مطابق شہر،شہر ہونیوالے احتجاج میں شرکت کریں اور اپنے شہید بھائیوں اور بہنوں سے اظہار یکجہتی کریں اور ظلم کے نظام کیخلاف اپنی نفرت کا اظہار کریں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ ذاتی ملازموں اور تابعدار نوکروں کی جے آئی ٹی نے وہی رپورٹ جاری کی جو انہیں فراہم کی گئی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکمران خود کو بے گناہ سمجھتے ہیں تو وہ شہداء کے لواحقین کی تائید والی غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل سے خوفزدہ کیوں ہیں؟انہوں نے کہا کہ اگر حکمران فوج کو غیر جانبدار سمجھتے ہیں تومقدمہ فوجی عدالت میں بھجوائیں، ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ایف آئی آر کے اندراج میں کردار ادا کرنے والے پاک فوج کے سپہ سالار انصاف دلوانے میں بھی کردار ادا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ پولیس کی کارروائی ،چڑھائی اور سیدھی فائرنگ یکطرفہ تھی اس کے باوجود رپورٹ میں لکھا گیا کہ فائرنگ اور جانی نقصان دونوں طرف سے ہوا ۔انہوں نے کہا کہ قاتل اعلیٰ اور قاتل اعظم بتائیں کہ 17جون 2014کے دن ادارہ منہاج القرآن کی طرف سے فائرنگ کرنے والے کس ٹی وی فوٹیج میں دیکھے گئے اور پولیس کا جانی نقصان کہاں رپورٹ ہوا؟انہوں نے شہدا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہید بچواور بچیو ہم تمہیں بھولے اور نہ قاتلوں کی پھانسی تک چین سے بیٹھیں گے ۔