جہلم، عطائیت کے خلاف کریک ڈاؤن ، ڈرگ انسپکٹر کی نگرانی میں ٹاسک فورس کی کارروائی ، تین غیر قانونی ڈسپنریاں سیل کر دی گئیں

جمعہ 22 مئی 2015 21:26

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر عطائیت کے خلاف کریک ڈاؤن ، ڈرگ انسپکٹر چوہدری جنید قیصر کی نگرانی میں ٹاسک فورس کی کاروائی ، تین غیر قانونی ڈسپنریاں سیل کر دی گئیں ،ہیلتھ آفس کے مطابق ڈرگ انسپکٹر چوہدری جنید قیصر نے حکومت پنجاب کی عطائیت کے خاتمے کے حوالے سے ہدایات پر عمل کرتے ہوئے شہر میں کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے احکامات کی روشنی میں ٹاسک فورس ٹیم کی نگرانی کرتے ہوئے انہوں نے غیر قانونی طور پر چلنے والی جرارڈسپنسری مشین محلہ ، ریاض کلینک مشین محلہ اور مجاہدآباد فری ڈسپنسری پر چھاپے مارے ، بغیر لائسنس ادویات کی فروخت اور کوالیفائیڈ ڈاکٹر کے بغیر چلائے جانے والے کلینک اور ڈسپنسریوں کو موقع پر سیل کر دیا ، بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈرگ انسپکٹر چوہدری جنید قیصر نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعائت کے مستحق نہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے واضح احکامات جاری کئے ہیں کہ عطائیت کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ، اس سلسلے میں بنائی گئی ٹاسک فورس جہلم شہر اور گردونواح سے تمام غیر قانونی میڈیکل سٹور ، کلینک اور ڈسپنسریوں کو سیل کر دیا جائے گا ۔