ریسکیو 1122کے زیر اہتمام سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ سرکاری محکموں کیلئے دریا ئے جہلم پر ریہرسل کا انعقادکیا گیا

جمعہ 22 مئی 2015 21:18

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) ریسکیو 1122کے زیر اہتمام سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ سرکاری محکموں کیلئے دریا ئے جہلم پر ریہرسل کا انعقادکیا گیا جس کی نگرانی اے ڈی سی عمران رضا عباسی نے کی۔

(جاری ہے)

ریہرسل میں محکمہ شہری دفاع، صحت، زراعت، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، آبپاشی، پنجاب پولیس، ٹی ایم اے جہلم اور دیگرمتعلقہ محکموں نے شرکت کی، تمام محکموں نے اپنے کیمپ لگائے اور انکے عملہ نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے اور ریلیف کے انتظامات کی ریہرسل کی، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر فیصل ، اسسٹنٹ کمشنرجہلم ڈاکٹر آفاق وزیراور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ،اے ڈی سی جہلم عمران رضا عباسی نے کہاکہ ضلع جہلم میں گزشتہ برس کے بدترین سیلاب کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ جہلم نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے اور تمام سرکاری محکموں کو انکے فرائض سے آگاہ کر دیا گیاہے، تمام ادارے کسی بھی ایمرجنسی کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور بر وقت کاروائی کیلئے تیار ہیں اے ڈی سی نے کہاکہ تمام اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے اور دریائے جہلم میں پانی کی سطح کو مستقل طور پر مانیٹر کیا جا رہا ہے اور موسمی پیشن گوئی کیلئے محکمہ موسمیات سے انتظامیہ رابطہ میں ہے۔