صحافیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزارت اطلاعات ، داخلہ اور پولیس میڈیا ہاؤسز کی اندرونی سیکیورٹی کا آڈٹ کریں ، صحافیوں کو سیکیورٹی کی تربیت دینے کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشیدکا وزارتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب داخلہ اور اطلاعات کے صوبائی سیکرٹریوں اور سینئر پولیس حکام کو وزارتی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں بلانے کا فیصلہ

جمعہ 22 مئی 2015 20:52

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ صحافیوں کا سلامتی اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وزارت اطلاعات ، داخلہ اور پولیس میڈیا ہاؤسز کی اندرونی سیکیورٹی کا آڈٹ کریں ، صحافیوں کو سیکیورٹی کی تربیت دینے کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ وہ جمعہ کو وزارت اطلاعات و نشریات میں وزارتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کی کوشش کی ہے ، حکومت صحافت کو جمہوریت کے استحکام کیلئے ایک اہم ستون تصور کرتی ہے اور صحافیوں کو پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر کمر بستہ ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سابقہ دو اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر غور غوض کیا گیا ۔

وزیر اطلاعات نے اگلے اجلاس میں داخلہ اور اطلاعات کے صوبائی سیکرٹریوں اور سینئر پولیس حکام کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ پولیس میڈیا ہاؤسز کی انٹرنل سیکیورٹی کا آڈٹ کرے تاکہ میڈیا ہاؤسز کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ وزیراطلاعات نے پرنسپل انفارمیشن آفیسر کو ہدایت دی ہے کہ وہ پریس کلبز سمیت صحافتی تنظیموں اور اسلام آباد پولیس کے ساتھ مل کر صحافیوں کو سیکیورٹی کے حوالے سے تربیت دینے کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کرے ۔

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی ، وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ( آپریشنز) سلطان احمد تیموری ، ڈی جی نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل سعود عزیز ، اے پی این ایس، سی پی این ای اور پی ایف یو جے کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :