تحریک نجات قبضہ مافیاء نے وفاقی و پنجاب حکومت سے قبضہ مافیاء کے مکمل خاتمے کیلئے مؤثر کاروائی کا مطالبہ کردیا

شہریوں کی زمین پر قبضہ کرکے اس پر مسجد کی تعمیر بھی غیرشرعی و ناجائز فعل ہے‘شہریوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے اس معاشرے کیلئے ناسور ہیں‘ تحریک نجات

جمعہ 22 مئی 2015 20:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) تحریک نجات قبضہ مافیاء نے وفاقی و پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قبضہ مافیاء کے مکمل خاتمے کے لئے مؤثر کاروائی کا سلسلہ شروع کرے۔تفصیلات کے مطابق تحریک نجات قبضہ مافیاء کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس تحریک کے مرکزی آفس میں چیئرمین محمد صفدر کھوکھر کی زیرصدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں تحریک نجات قبضہ مافیاء کی جانب سے قبضہ مافیاء کے خاتمے کے لئے اب تک کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے بعد تحریک نجات قبضہ مافیاء نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ’’شہریوں کی زمین پر قبضہ کرکے اس پر مسجد تعمیر کرنا بھی غیرشرعی،غیراسلامی اور ناجائز فعل ہے،قبضے کی زمین پر جب مساجد کی تعمیر بھی ناجائز ہے تو وہ کون ظالم ہیں جو راولپنڈی اسلام آباد میں معصوم شہریوں کی زمینوں پر قبضہ کرکے بڑے بڑے پلازے،ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ٹاؤنز بنارہے ہیں اور ایسے ظالموں کے خلاف کاروائی میں پچھلی حکومتوں نے کیوں نرمی برتی۔

(جاری ہے)

راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے عناصر ظالم اور اس معاشرے کے لئے ایک ناسور ہیں،شہریوں کی زندگی اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئے قبضہ مافیاء جیسے ناسور کا خاتمہ ناگزیر ہوچکا ہے۔مسلم لیگ نواز کی موجودہ حکومت خراج تحسین کی مستحق ہے کہ اس نے اقتدار میں آنے کے بعد قبضہ مافیاء کے خاتمے کے لئے کسی حدتک کاروائی کا آغاز کیا تاہم تحریک نجات قبضہ مافیاء وفاقی و پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ راولپنڈی اسلام آباد سے قبضہ مافیاء کے مکمل خاتمے کے لئے مؤثر کاروائی کا آغاز کرے۔راولپنڈی اسلام آباد کے ستم رسیدہ شہری وفاقی و پنجاب حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ انہیں قبضہ مافیاء سے نجات دلائے گی‘‘۔

متعلقہ عنوان :